برائلر مافیا پھر سرگرم، مرغی کا گوشت مہنگا ہونے لگا

01-14-2025

(لاہور نیوز) برائلر مافیا پھر سے سرگرم ہو گیا، مرغی کا گوشت مہنگا ہونے لگا۔

برائلر کی قلت کا بہانہ بنا کر مرغی کا گوشت 11 روپے مہنگا کر دیا گیا، فی کلو سرکاری قیمت 595 روپے مقرر ہو گئی، مارکیٹ میں صافی برائلر گوشت 680 روپے فی کلو تک فروخت کیا جا رہا ہے، زندہ برائلر کا سپلائی ریٹ 397 روپے فی کلو ہے لیکن برائلر مافیا دکانوں پر 420 روپے فی کلو سپلائی دے رہا ہے۔ ادھر سرکاری ریٹ لسٹ میں 5 سبزیوں کے دام مزید بڑھا دیئے گئے، پرچون میں ادرک تھائی لینڈ 450 ، آلو 100 روپے فی کلو ہیں، بینگن اور کھیرا 80 ، پالک 50 روپے فی کلو تک بیچی جا رہی ہے۔ پھلوں کی خریداری بھی بدستور جیب پر بھاری ہے، سرکاری ریٹ لسٹ میں 6 پھل مزید مہنگے کر دیئے گئے، مارکیٹ میں سیب 350 ، پپیتا 300 ، انگور 500 روپے فی کلو ہیں، کیلے 220 ، کینو 390 اور فروٹر 330 روپے فی درجن مل رہے ہیں۔ شہری کہتے ہیں اشیاء کی قیمتوں میں استحکام نہیں آ سکا، قیمتوں پر کنٹرول کہیں دکھائی نہیں دے رہا۔ مارکیٹ میں سرکاری ریٹ لسٹوں پر عمل درآمد نہ ہونے سے عوام کو مہنگائی کا دوہرا بوجھ برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔