ایم ایل ون کی تعمیر کیلئے چین سے فنانسنگ معاہدہ تاخیر کا شکار

01-14-2025

(مدثر علی رانا) ایم ایل ون کی تعمیر کیلئے چین سے فنانسنگ معاہدہ تاخیر کا شکار ہے۔

ذرائع وزارت منصوبہ بندی کے مطابق ایم ایل ون معاہدہ نئے سرے سے دستخط کئے جانے کے باعث تاخیر ہو رہی ہے، اس کے علاوہ تاخیر کی وجہ ریلوے لائن کی تعمیر کیلئے فیزز میں تبدیلی بھی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم ایل ون فیز ون کیلئے 2024 کے آخری کوارٹر میں معاہدہ طے پایا جانا تھا، پلاننگ کمیشن، اقتصادی امور سال 2024 کے آخری کوارٹر میں معاہدے کیلئے کوشاں تھے، اب ٹیکنیکل ٹیم کے آئندہ ماہ وزٹ سے قبل ورچوئل مذاکرات ہو رہے ہیں۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ ٹیکنیکل ٹیم کیساتھ منصوبے کی قابل عمل سٹڈی اور دورے پر حتمی بات چیت ہو گی، ورچوئل میٹنگ کے دوران قابل عمل سٹڈی اور دورے کیلئے تاریخ سے آگاہ کیا جائے گا، جوائنٹ ورکنگ گروپ کا اجلاس ہو گا اور اس کے بعد معاہدہ طے پایا جائے گا۔ وزارت منصوبہ بندی کے ذرائع  نے مزید بتایا ہے کہ ایم ایل ون کیلئے جو معاہدہ طے پایا جائے گا وہ دو مراحل میں تقسیم ہو چکا ہے، 2024 کے آخری کوارٹر میں معاہدہ ہونے سے فروری 2025 میں افتتاح ہونا تھا۔