190ملین پاؤنڈ کیس: عمران خان نے زمین لے کر فائدہ لیا: فیصل واڈا
01-13-2025
(لاہور نیوز) سابق وفاقی وزیر اور سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ 190ملین پاؤنڈ پاکستان کے پیسے سے عمران خان نے زمین لے کر فائدہ لیا۔
دنیا نیوز کے پروگرام’’دنیا مہر بخاری کے ساتھ‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کو کابینہ میں بھی کہا تھا یہ نیب کا کیس بنے گا، عمران کو بتایا تھا اس کیس میں جیل ہو جائے گی، کابینہ میں اس بات کو چھپایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان کے پیسے تھے، بانی نے زمین لیکر فائدہ لیا، میں نے کابینہ میں بند لفافے سے متعلق سوال اٹھایا تھا جبکہ کیس کا فیصلہ سنانا جج کا اختیار ہے، میرا خیال ہے عمران خان اور ان کی اہلیہ دونوں کو سزا ہو گی۔ سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ عمران کی رہائی کے متعلق بیرون ملک سے کوئی پریشر نہیں ہے اور بیک ڈور بھی کوئی مذاکرات نہیں ہو رہے، میرےخیال میں تحریک انصاف کیلئے ٹرمپ کارڈ سود مند ثابت نہیں ہو گا، بیس جنوری کے بعد پھر یہ لیٹ کر مذاکرات کریں گے، پاکستان کیلئے 2025 بہترین سال ثابت ہو گا۔