فلموں کے معروف اداکار زاہد سلیم کو مداحوں سے بچھڑے 15 برس بیت گئے
01-13-2025
(لاہور نیوز) ٹی وی اور فلموں کے معروف اداکار زاہد سلیم کو مداحوں سے بچھڑے 15 برس بیت گئے۔
ٹی وی ڈراموں اور فلموں میں منفرد کردار ادا کرنے والے اداکار زاہد سلیم 1953ء میں ملتان میں پیدا ہوئے، حصول تعلیم کے دوران ہی اداکاری کا شوق ان کے دل میں رچ بس چکا تھا۔ اداکار زاہد سلیم پی ٹی وی کے ڈراموں میں آتے ہی چھا گئے اور شہرت کی بلندیوں کو چھونے لگے، انکے مقبول ڈراموں میں حصار، راستہ دے زندگی، دشت، آسمان، دوریاں، مرزا غالب، دوسرا آسمان سمیت دیگر بے شمار ڈرامے شامل ہیں۔ زاہد سلیم نے نہ صرف ٹیلی ویژن بلکہ سلور سکرین پر بھی قسمت آزمائی کی اور فلم محبتاں سچیاں، سلاخیں اور فائر میں بھرپور کردار نبھایا۔ اداکار زاہد سلیم کو چھوٹی اور بڑی سکرین پر چھاتے ہی جگر کے عارضے نے آ لیا اور 3 ماہ تک ہیپاٹائٹس میں مبتلا رہنے کے بعد 57 برس کی عمر میں خالق حقیقی سے جا ملے۔ اداکار زاہد سلیم 13 جنوری 2010ء کو ملتان میں آسودہ خاک ہو گئے تاہم انکا فن ہمیشہ زندہ رہے گا۔