امید ہے 190 ملین پاؤنڈ کا فیصلہ حقائق کی بنیاد پر سنایا جائے گا: خواجہ آصف
01-12-2025
(لاہور نیوز) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ امید ہے 190 ملین پاؤنڈ کا فیصلہ حقائق کی بنیاد پر سنایا جائے گا۔
سیالکوٹ میں تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ 190ملین پاؤنڈ حکومت اور عوام کا پیسہ تھا، برطانیہ نے حکومت کو پیسے بھجوائے، بانی پی ٹی آئی نے بند لفافے میں کابینہ سےاس کی منظوری لی، پیسے خزانے کے بجائے کاروباری شخصیت کے اکاؤنٹ میں جمع کرائے گئے۔ انہوں نے کہا کہ کل حقائق کی بنیاد پر فیصلہ سنایا جائےگا، القادر یونیورسٹی میں کیا تعلیم دی جاتی ہے، میڈیا جا کر دیکھے، پی ٹی آئی دور حکومت میں لوٹ مار عروج پر تھی، عمران خان کے دور میں جو کچھ ہوا اس کی مثال نہیں ملتی، پہلے غلامی نامنظور اور اب’ ایبسولوٹلی یس‘ اور لیٹے ہوئے ہیں۔ قبل ازیں خواجہ آصف کی رہائش گاہ پر قائد اعظم ٹرافی جیتنے والی ٹیم کے اعزاز میں ظہرانہ دیا گیا، اس موقع پر ٹیم سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ ہمارے شہر میں کرکٹ سٹیڈیم نہیں ہے، سٹیڈیم کے لئے تین ارب روپے منظور ہوئے تھے کچھ رقم خرچ ہوئی باقی بجٹ واپس چلا گیا، شہر اقبال میں بہت ٹیلنٹ موجود ہے، سیالکوٹ کی ٹیم نے قائد اعظم ٹرافی جیتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیالکوٹ میں کرکٹ مسائل کے حل کیلئے پنجاب حکومت کی مدد درکار ہو گی، سٹیڈیم کے مسائل کو حل کر رہے ہیں، سٹیڈیم کو جلد مکمل ہونا چاہیے، محسن نقوی سے درخواست ہے کہ وہ اس پر قدم بڑھائیں میں وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ پنجاب سے درخواست کروں گا۔