وفاق کو ٹیکس نظام میں مزید ریفارمز کی ضرورت ہے، راشد محمود لنگڑیال
01-11-2025
(لاہور نیوز) چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال نے کہا صوبوں اور وفاق کو ٹیکس نظام میں مزید ریفارمز کی ضرورت ہے۔
تھنک فیسٹ میں "وہ ہم پر اتنا ٹیکس کیوں لگاتے ہیں" پر سیشن منعقد ہوا، سیشن میں سابق وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل اور چیئرمین ایف بی آر راشد لنگڑیال نے شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال کا کہنا تھا ہمارے ہاں مسئلہ یہ ہے کہ ٹیکس نیٹ میں کم لوگ آتے ہیں، بہت سارے لوگ ٹیکس ادا ہی نہیں کرتے، جو لوگ ٹیکس نہیں دیتے وہ ہر روز ٹی وی پر آ کر بتاتے ہیں کہ ملک کو کیسے ٹھیک کرنا ہے، یہ لوگ پالیسیز میں گھسنے کی کوشش کرتے ہیں، ان کی وجہ سے ہر سال ٹیکس خسارا برداشت کرنا پڑتا ہے۔ راشد محمود لنگڑیال نے کہا اس سال ٹیکس کا ہدف 13 ہزار ارب سے زیادہ ہے، یہ ٹیکس ہدف پچھلے سال سے 40 گناہ زیادہ ہے، اس سال جی ڈی پی کا ہدف 120 ٹریلین ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا ہمارے ہاں سیلز ٹیکس کا اختیار فیڈریشن کے پاس ہے، ہمارے ہاں صرف سیلز ٹیکس کا خسارہ ہی بہت ہوتا ہے، صوبوں اور وفاق کو ٹیکس نظام میں مزید ریفارمز کی ضرورت ہے۔