مہنگائی کو 38 سے 4 فیصد پر لانا حکومت کی بڑی کامیابی ہے: احسن اقبال

01-10-2025

(ویب ڈیسک) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا کہ مہنگائی کو 38 سے 4 فیصد پر لانا حکومت کی بڑی کامیابی ہے، آئندہ وقت میں اشیاء کی قیمتوں میں ٹھہراؤ آئے گا۔

کراچی میں مسلم لیگ ن کے رہنما مظفر شجرہ کی رہائشگاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ ملک کو مشکلات سے نکالنے کی کوشش کر رہے ہیں، ایٹمی طاقت ملک کی چابیاں ایسے شخص کو دی گئیں جس نے کبھی یونین کونسل بھی نہیں چلائی۔ انہوں نے کہا کہ بدانتظامی اور نااہلی کی بدولت ملک بدترین دلدل میں پھنس گیا، دو سال کی محنت کے بعد دنیا بھر میں معاشی بحالی کے چرچے ہیں، مہنگائی کو ناپنے کا پیمانہ کم ترین سطح ایک اعشاریہ نو فیصد آگیا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ جن حالات میں ملک کو ہم سے چھینا گیا تھا انہی حالات میں بحالی کی کوشش کر رہے ہیں، اوورسیز پاکستانی مبارکباد کے مستحق ہیں جنہوں نے 30 فیصد زیادہ ترسیلات بھیجیں۔ احسن اقبال نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں  نے ترسیلات روکنے کے منصوبے بنانے والوں کی اپیلوں کو خاک میں ملا دیا، اوورسیز پاکستانیوں نے اڑان پاکستان میں اپنا حصہ ڈالا، اڑان پاکستان کے ذریعے ملک کو تیزی سے بڑھتی معیشت میں ڈھالنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت ہے نوجوانوں کو بہترین تعلیم اور ہنر فراہم کیا جائے، برآمد کنندگان کے لئے رکاوٹیں ختم کی جائیں، دنیا میں معیشت کا مقابلہ ہے، ہمیں دنیا سے مقابلہ کرنا ہے، جس ملک کی سڑکوں ہر انتشار ہو گا وہاں سرمایہ کار کیسے آئے گا۔ وفاقی وزیر  نے مزید کہا کہ تحریک انصاف وہ کام کر رہی ہے جو کبھی "را" کو کرنے کی ہمت نہیں ہوئی، امریکا یورپ میں رائے عامہ کی توجہ فلسطین سے ہٹا کر پی ٹی آئی پر مرکوز کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ احسن اقبال نے کہا کہ پی ٹی آئی کی بین الاقوامی ٹیم اسرائیل اور بھارت کو بیل آؤٹ فراہم کر رہی ہے، پی ٹی آئی پاکستان مخالف لابیز کا آلہ کار بنی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2018 میں سازش ہوئی، الیکشن کے بعد کراچی آیا تھا، چند ججز اور جرنیلوں نے اپنی نہیں بچوں اور بیگمات کی عقل سے سوچا، وہ ملک کی بنیادیں تک ہلا کر چلے گئے۔ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ سازش کے کردار خود تاریخ کے سامنے آ چکے ہیں آج وہ کردار پکڑ میں ہیں اور کسی کو منہ دکھانے کے قابل نہیں۔