تعلیم کے شعبے میں ترکیہ کے ساتھ شراکت داری چاہتے ہیں: مریم نواز
01-10-2025
(لاہور نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ تعلیم کے شعبےمیں ترکیہ کے ساتھ شراکت داری چاہتے ہیں۔
وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف نے ملتان میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ترک وفد کو خوش آمدید کہتی ہوں، تعلیمی میدان میں ترکیہ کے تعاون کی مشکور ہوں، پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعقات ہیں، دونوں ممالک کے وقت گزرنے کے ساتھ تعلقات مضبوط کر رہے ہیں۔ مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ رجب طیب اردوان پاکستان کے بہترین دوست ہیں، تعلیم کے شعبے میں ترکیہ کے ساتھ شراکت داری چاہتے ہیں قبل ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ملتان یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا دورہ کیا اور گرلز ہاسٹل کا سنگ بنیاد رکھا، گرلز ہاسٹل میں رہائشی کمروں کی تعداد 119 ہو گی، گرلز ہاسٹل میں میس ہال، جمنزیم، تفریحی لاؤنج اور 5 دفاتر بھی ہوں گے۔ دوسری جانب وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے ملتان یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے مختلف شعبوں کا بھی معائنہ کیا اور مسٹ یونیورسٹی میں جدید گوگل کلاس رومز، ڈیجیٹل لائبریری کا وزٹ کیا۔