موبائل پنجاب میں تیار ہونگے، چینی موبائل کمپنی سے معاہدہ

01-10-2025

(ویب ڈیسک) صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین کے دورہ چین کے ثمرات سامنے آنا شروع ہوگئے، اب موبائل فون پنجاب میں تیار ہوں گے۔

صوبائی وزیرنے فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی میں نجی موبائل کمپنی کے مینوفیکچرنگ پلانٹ کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھ دیا، دو سال تک موبائل کی مینوفیکچرنگ شروع ہو جائے گی۔ صوبائی وزیر شافع حسین نے کہا کہ چین کی کمپنی کا پنجاب میں موبائل فون کی اسمبلنگ کے بعد مینوفیکچرنگ میں آنا خوش آئند ہے، موبائل قیمتوں میں کمی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں مقامی اور بیرونی سرمایہ کاروں کیلئے سرمایہ کاری کا بہترین وقت ہے، چین سمیت دیگر غیر ملکی کمپنیاں پنجاب میں سرمایہ کاری بڑھا رہی ہیں۔ پنجاب میں جلد اربوں روپے کی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری آئے گی، سرمایہ کاروں کو بہترین سہولیات اور مراعات دی جا رہی ہیں، صوبائی وزیر نے موبائل فون مینوفیکچرنگ پلانٹ کے تعمیراتی عمل کا مشاہدہ کیا۔