اعجاز چودھری کی ضمانت کی درخواستوں پر وکلاء صفائی کو دلائل کا آخری موقع
01-10-2025
(لاہور نیوز) انسداد دہشتگردی عدالت نے پی ٹی آئی رہنما اعجاز چودھری کی ضمانت کی درخواستوں پر وکلاء صفائی کو دلائل کا آخری موقع دے دیا۔
لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت میں پی ٹی آئی رہنما اعجاز چودھری کی 7 مقدمات میں عبوری ضمانت کی درخواستوں پر سماعت ہوئی، اے ٹی سی کے جج منظر علی گل نے درخواستوں پر سماعت کی، اعجاز چودھری کے وکیل دلائل کے لیے پیش نہ ہوئے، پولیس کی جانب سے تمام مقدمات کا ریکارڈ عدالت میں پیش کر دیا گیا۔ دوران سماعت اعجاز چودھری کے معاون وکیل نے عدالت کو بتایا کہ سینئر وکیل لاہور ہائیکورٹ میں مصروف ہیں جس پر عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ ہمیں کہتے ہیں آپ فیصلہ نہیں کرتے اور خود عدالتوں میں پیش نہیں ہوتے، پچھلی کئی تاریخوں سے عدالت میں پیش نہیں ہو رہے۔ ایڈمن جج منظر علی گل نے ریمارکس دیئے کہ عدالت آخری موقع دے رہی ہے اگر اگلی تاریخ پر اعجاز چودھری کے وکیل پیش نہ ہوئے تو فیصلہ کر دیں گے۔ بعدازاں عدالت نے اعجاز چودھری کی ضمانت کی درخواستوں پر مزید سماعت 22 جنوری تک ملتوی کر دی۔