شہری دھند میں احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے گاڑی چلائیں، ترجمان سیف سٹیز

01-10-2025

(لاہور نیوز) ترجمان سیف سٹیز اتھارٹی نے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہری دھند میں احتیاطی تدابیر کیساتھ گاڑی چلائیں۔

شہر لاہور میں شدید دھند کی صورتحال بارے سیف سٹی اتھارٹی  نے آگاہی فراہم کر دی۔ ترجمان کے مطابق لاہور شہر شدید دھند کی لپیٹ میں ہے، شدید دھند کے باعث حد نگاہ چند میٹر رہ گئی ہے، مال روڈ، کنال روڈ، فیروزپور روڈ، جیل روڈ، ٹھوکر نیاز بیگ، قائداعظم انٹرچینج، ایئر پورٹ، گجومتہ و اطراف میں شدید دھند کا راج ہے، لاہور سے ملحقہ موٹرویز بھی دھند کے باعث بند ہیں۔ ترجمان کا کہنا ہے شہری دھند میں احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے گاڑی چلائیں، دھند میں لین کی خلاف ورزی حادثات کا سبب بن سکتی ہے، شہری غیرضروری سفر کرنے سے گریز کریں، تیز رفتاری سے پرہیز کریں اور اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھیں۔