الحمرا ہال میں صوفی فیسٹیول، شہریوں کی بڑی تعداد میں شرکت

01-10-2025

(لاہور نیوز) الحمرا ہال میں صوفی فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا جس میں شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

محکمہ اوقاف و مذہبی امور کے زیراہتمام الحمرا ہال میں شاندار صوفی فیسٹیول کا انعقاد ہوا، فیسٹیول کو دیکھنے کیلئے بڑی تعداد میں شہریوں نے الحمرا ہال کا رخ کیا۔ فیسٹیول میں حضرت بابا بلھے شاہؒ ، شیخ علی ہجویریؒ اور دیگر صوفیا کرام کی تعلیمات کو اجاگر کیا گیا، فیسٹیول میں حمد و ثناء کے مقابلے اور قوالی کے علاوہ رقص درویش کا اہتمام بھی کیا گیا، شہریوں نے قوالی ، رقص درویش کے ساتھ اقوال زریں کے فن پاروں میں گہری دلچسپی دکھائی۔ فیسٹیول میں مہمان خصوصی صوبائی وزیر بلال یاسین نے خطاب میں کہا کہ برصغیر میں اسلام کو پھیلانے میں اولیا کرام کا اہم کردار ہے۔ صوفی فیسٹیول میں صوفیانہ کلام کو سن کر حاضرین عقیدت اور وجد میں جھومتے رہے۔