پنجاب اسمبلی کا اجلاس 3 برس بعد اولڈ بلڈنگ میں ہو گا
01-09-2025
(لاہور نیوز) پنجاب اسمبلی کا اجلاس 3 برس بعد اولڈ بلڈنگ میں ہو گا تاہم اس حوالے سے پالیسی مرتب کر لی گئی ہے۔
سال 2025 کا پہلا اور مجموعی طور پر 20واں اجلاس پنجاب اسمبلی کی اولڈ بلڈنگ میں کرانے کا فیصلہ کیاگیا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ جمعہ کے روز بلایا گیا ہر اجلاس پنجاب اسمبلی کی اولڈ بلڈنگ میں کرایا جائے گا۔ سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان کی منظوری پر باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا، پنجاب اسمبلی کے رواں سال کے جاری اجلاسوں میں جمعہ کے روز اجلاس اولڈ بلڈنگ میں ہی منعقد ہو گا، پنجاب اسمبلی کی پرانی عمارت میں اجلاس کرانے کا مقصد اسکے تاریخی تشخص کو برقرار رکھنا ہے۔ 5 جون 2021 کو اولڈ بلڈنگ میں آخری اجلاس سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالہی کی زیر صدارت ہوا تھا، ساڑھے تین سال بعد اولڈ بلڈنگ میں اجلاس ہو گا، اولڈ بلڈنگ کی تعمیر 1935 میں مکمل ہوئی اور باقاعدہ قانون سازی کیلئے استعمال کی گئی، قائد اعظم محمد علی جناح بھی اس عمارت میں تشریف لاتے رہے۔