لکی مروت: فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں نے17 سویلین ورکر اغوا کر لیے، 8 بازیاب

01-09-2025

(لاہور نیوز) فتنہ الخوارج نے لکی مروت سے 17 سویلین ورکرز کو اغوا کر لیا جن میں سے 8 کو بازیاب کرا لیا گیا۔

ذرائع کے مطابق آج فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں  نے ضلع لکی مروت کے علاقے کبل خیل میں 17 سویلین ورکرز کو بھتہ خوری کی خاطر اغوا کیا، اغوا ہونیوالے سویلین ورکرز نہتے تھے۔ فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں نے سویلین ورکرز کو اغوا کے بعد مقامی ٹھیکیدار کی گاڑی کو بھی آگ لگا دی، فتنہ الخوارج کی اِن پاکستان اور عوام دشمن بہیمانہ کارروائیوں کا دین اور اسلامی اقدار سے کوئی تعلق نہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اب تک 8 مغوی ورکرز کو بحفاظت باز یاب کروا لیا ہے تاہم دیگر نہتے ورکرز کو بھی باز یاب کروا لیا جائے گا، اس سلسلے میں آپریشن جاری ہے، بہیمانہ اقدام کرنے والے عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔