بارشی پانی کے نکاس کیلئے گرین بیلٹس کو گہرے کرنے کا منصوبہ بند

01-08-2025

(لاہور نیوز) بارشی پانی کے نکاس کے لئے گرین بیلٹس کو گہرے کرنے کا منصوبہ بند ہو گیا۔

پنجاب حکومت کے اعلیٰ سطحی اجلاس میں پانی کے نکاس میں مسائل کی نشاندہی کی گئی، شہر کی گرین بیلٹس کا سڑک سے اونچا ہونا مرکزی شاہراہوں پر پانی جمع ہونے کی بنیادی وجہ قرار دیا گیا، لاہور کے 58 مرکزی مقامات پر بارشی پانی جمع ہونے کی نشاندہی کی گئی تھی۔ پی ایچ اے اور واسا نے 48 مقامات کو فی الفور سڑک سے گہرا کرنے کا پلان بنایا، پی ایچ اے نے ستائیس مقامات کی گرین بیلٹس کو گہرا کیا، پنجاب حکومت کی اعلیٰ سطحی کمیٹی کے احکامات پر پوری طرح عمل نہ کیا گیا، پی ایچ اے انتظامیہ نے مبینہ طور پر گرین بیلٹس کو سڑک سے نیچا نہ کیا۔ تینوں ادارے صرف ستائیس گرین بیلٹس کو نیچا کرکے بارشی پانی محفوظ کرنے کے لئے قابل استعمال بنا سکے، سکیم موڑ، یتیم خانہ، بجلی گھر، ملتان چونگی، کریم بلاک اور رضا بلاک گرین بیلٹ سڑک سے گہری نہ ہو سکی، نظریہ پاکستان روڈ، شوکت خانم فلائی اوور کی گرین بیلٹ گہری نہ ہو سکی۔ علاوہ ازیں پیکو موڑ، فیروز پور روڈ، گجومتہ ، مولانا شوکت علی روڈ اور ہمدرد چوک کی گرین بیلٹس سڑک سے نیچی نہ ہو سکی، فردوس مارکیٹ اور نصیر آباد کی گرین بیلٹ پر کام نہ ہو سکا، شادمان گول چکر، جیل روڈ انڈر پاس ، ریلوے اسٹیشن اور سندر داس روڈ کی گرین بیلٹس کو بارشی پانی جمع کرنے کے لئے استعمال نہ کیا جا سکا۔ مزید برآں کینٹ ڈرین بریج اور ڈیوس روڈ جنکشن پر گرین بیلٹس سڑک سے گہری ہونے کی منتظر ہے، آمنہ پارک تاجپورہ، نظام آباد چوک اور مغلپورہ چوک بارشی پانی کو محفوظ بنانے کے قابل نہ بنایا جا سکا۔