ٹوکن ٹیکس نادہندگان کے خلاف ایکسائز کا آپریشن، 500 سے زائد گاڑیاں پکڑیں
01-08-2025
(لاہور نیوز) غیر رجسٹر گاڑیوں اور ٹوکن ٹیکس نادہندگان کے خلاف محکمہ ایکسائز کا فیلڈ آپریشن جاری ہے۔
سیکرٹری ایکسائز مسعود مختار کی خصوصی ہدایت پر غیر رجسٹر گاڑیوں اور ٹوکن ٹیکس نادہندگان کے خلاف آپریشن جاری ہے، ساتویں روز صوبے بھر میں 35 سے زائد مقامات پر 10 ہزار 8 گاڑیوں کی چیکنگ کی گئی، 380گاڑیاں غیر رجسٹر نکلیں، 1043 گاڑیوں کا ٹوکن ٹیکس ہی ادا نہیں کیا گیا تھا۔ نادہندگان سے ایک کروڑ 28 لاکھ 47 ہزار 175 روپے موقع پر ہی وصول کئے گئے، غیر نمونہ نمبر پلیٹس کے ساتھ چلنے والی 590 گاڑیاں بھی قابو میں آئیں۔ ڈی جی ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن عمر شیر چٹھہ کا کہنا ہے محکمے کی جانب سے یہ کارروائیاں عوامی مفاد میں ہیں، غیر نمونہ نمبر پلیٹس کے ساتھ ہرگز سفر نہ کریں، ٹوکن ٹیکس بروقت ادا کریں۔