لاہور کی یونیورسٹیز کے طلبہ کا آرگنائزڈ کرائم یونٹ ہیڈکوارٹرز کا مطالعاتی دورہ

01-08-2025

(لاہور نیوز) لاہور کی مختلف یونیورسٹیز کے طلبہ نے آرگنائزڈ کرائم یونٹ ہیڈکوارٹرز ٹاؤن شپ کا مطالعاتی دورہ کیا۔

 طلبہ نے ہیڈکوارٹرز آرگنائزڈ کرائم یونٹ کے مختلف شعبہ جات کا وزٹ کیا، ڈی آئی جی آرگنائزڈ کرائم یونٹ عمران کشور، ایس پی فرقان بلال، ایس پی آفتاب احمد پھلروان، ایس پی ایڈمن عمران کرامت بخاری اور ایس پی رانا زاہد حسین نے طلبہ کو بریفنگ دی، ایس پی عمران کرامت بخاری نے طلبہ کو پولیس کی چین آف کمانڈ اور انتظامی تقسیم بارے بتایا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈی آئی جی آرگنائزڈ کرائم یونٹ عمران کشور کا کہنا تھا انٹرن شپ پروگرام کا مقصد پولیسنگ سے آگاہی اور اس میں بہتری کیلئے نوجوان نسل کو ساتھ لے کر چلنا ہے، آرگنائزڈ کرائم یونٹ جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال سے انسداد جرائم اور شہریوں کو خدمات کی فراہمی یقینی بنا رہی ہے، سال 2024ء میں منظم جرائم کے خلاف بھرپور کارروائیاں عمل میں لائی گئیں۔ عمران کشور کا کہنا تھا آرگنائزڈ کرائم یونٹ نے گزشتہ سال کئی ہائی پروفائل کیسز کو حل کیا، تعلیمی اداروں میں منشیات جیسی لعنت کو ختم کرنے کے لئے آپ کا تعاون ضروری ہے تاکہ ہم آنے والی نسلوں کو اس لعنت سے محفوظ رکھ سکیں، لاہور پولیس کی مؤثر حکمت عملی سے جرائم میں نمایاں کمی آئی ہے، انٹرن شپ پروگرام اور طلبہ کے تعاون اور مشاورت سے کمیونٹی پولیسنگ کو مزید بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ اس حوالے سے ایس پی فرقان بلال کا کہنا تھا ایسی سرگرمیوں کا مقصد نوجوان نسل اور محکمہ پولیس کے درمیان پراعتماد فضا قائم کرنا ہے جبکہ ایس پی آفتاب احمد پھلروان نے کہا لاہور پولیس تعلیم و تحقیق کے میدان میں طلبہ کے ساتھ براہ راست رابطے کو فروغ دے رہی ہے۔ ایس پی رانا زاہد حسین نے طلبہ کو تفتیش کے دوران درپیش مختلف چیلنجز بارے بریف کیا، آرگنائزڈ کرائم یونٹ ہیڈکوارٹرز میں بہترین انتظامات پر طلبہ نے ڈی آئی جی عمران کشور و دیگر افسران کا شکریہ ادا کیا۔