پی ٹی آئی کے ساتھ مذاکرات کو ڈیل کا رنگ نہیں دینا چاہیے: قمرزمان کائرہ

01-06-2025

(لاہور نیوز)رہنما پیپلزپارٹی قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے ساتھ مذاکرات کو ڈیل کا رنگ نہیں دینا چاہیے۔

دنیا نیوز کے پروگرام’’آن دی فرنٹ‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ پہلے حکومت پر مذاکرات نہ کرنے پر تنقید ہو رہی تھی، ہم تو 2018 سے مذاکرات کی بات کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بات چیت کو ڈیل کا رنگ نہیں دینا چاہیے، ڈائیلاگ کا عمل سیاسی وقومی تقاضا ہے، ڈائیلاگ کےذریعے ہی راستے نکلتے ہیں، سیاسی مذاکرات سے مثبت توقع رکھتا ہوں۔ رہنما پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ مذاکرات کے نیتجےمیں درمیانی راستہ نکلتا ہے تو ہمیں اعتراض نہیں، وزیر اعظم شہباز شریف نے کبھی نہیں کہا اپوزیشن سے ہاتھ نہیں ملائیں گے، جمہوریت میں ڈیڈلاک مذاکرات کے ذریعے ہی ختم ہوتے ہیں۔ قمر زمان کائرہ نے کہا کہ مذاکرات کا مطلب راستہ نکالنا ہوتا ہے، میرے خیال میں مذاکراتی کمیٹیوں کے ارکان کو میڈیا میں بالکل نہیں آنا چاہیے، ارکان میڈیا میں آئیں گے تو معاملہ سبوتاژ ہو گا، یہ کبڈی اور کشتی کا میچ نہیں ہے۔ رہنما پیپلزپارٹی کا مزید کہنا تھا کہ سیاسی جماعتوں کو اکٹھے ہو کر جمہوری پراسس کو مضبوط کرنا ہو گا، پیپلزپارٹی اور ن لیگ نے ماضی سے سبق سیکھا ہے، سیاست میں آخرکار بات چیت سے ہی مسائل حل ہوتے ہیں، آگے بڑھنے کے لیے اپنی اپنی انا سے پیچھے ہٹنا پڑے گا، اس کے علاوہ راستہ نہیں۔