کھلے دل سے مذاکرات کر رہے، امید ہے راستہ نکلے گا: طارق فضل

01-06-2025

(لاہور نیوز) رہنما مسلم لیگ ن طارق فضل چودھری نے کہا ہے کہ کھلے دل کے ساتھ مذاکرات کر رہے ہیں، امید ہے راستہ نکلے گا۔

دنیا نیوز کے پروگرام’’آن دی فرنٹ‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے طارق فضل چودھری کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے جب حکومت سنبھالی تب بھی شہباز شریف نے چارٹرآف اکانومی کی بات کی تھی، عمران خان کی رہائی کا مذاکرات سے کوئی تعلق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کا مقدمہ اوپن اینڈ شیٹ کیس ہے، فیصلہ کیوں موخر ہوا اس پرکمنٹ نہیں کر سکتا، اچھی بات ہے تحریک انصاف کوآج عقل آگئی ہے، ہم سیاسی ڈائیلاگ پریقین رکھتےہیں، جو کارکنان بےگناہ ہوں گے انہیں بالکل رہا کیا جائےگا۔ طارق فضل چودھری کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی وجہ سے ملک میں عدم استحکام ہے، ملک کو سیاسی استحکام کی ضرورت ہے ہم کھلےدل کےساتھ مذاکرات کر رہےہیں، امید ہے مذاکرات کے ذریعے راستہ نکلے گا۔ رہنما ن لیگ نے کہا کہ ہم  نے پی ٹی آئی والوں کو دہشت گرد اور غدار کبھی نہیں کہا، احتجاج کے نام پر مسلح جتھوں کا حملہ قابل مذمت ہے، راؤنڈ ٹیبل کانفرنس کے ذریعے ہی راستے نکلیں گے۔