ریاست تحریک انصاف کوآئین و قانون کے مطابق ڈیل کرے:فیصل چودھری

01-04-2025

(لاہور نیوز) وکیل بانی پی ٹی آئی فیصل چودھری نے کہا ہے کہ ریاست تحریک انصاف کو آئین وقانون کےمطابق ڈیل کرے۔

دنیا نیوز کے پروگرام ’’ٹونائٹ ود ثمرعباس‘‘میں گفتگو کرتے فیصل چودھری کا کہنا تھا کہ ہمارے پہلے دن سےدو مطالبات ہیں، نومئی،26 نومبر پرجوڈیشل کمیشن بنایا جائے، ہمارے مطالبات جائز اور آئین و قانون کے مطابق ہیں۔  انہوں نے کہا کہ حکومت کوسنجیدگی کے ساتھ ہمارے مطالبات پر غورکرنا چاہیے اور ریاست تحریک انصاف کو آئین و قانون کےمطابق ڈیل کرے، ہمارے کارکنان کو ضمانت کے بعد دوبارہ گرفتار نہ کیا جائے۔ فیصل چودھری کا کہنا تھا کہ عمران خان کو پیشکش کی گئی، تین سال تک ملک سے باہر چلے جائیں، بانی پی ٹی آئی کوبنی گالہ میں شفٹ ہونے کے لیے بھی کہا گیا، ڈیل کے بارے بانی نے خود بتایا ہے۔ عمران خان کے وکیل کا مزید کہنا تھا کہ سیاسی ٹمپریچر نیچے آنے پر (ن)لیگ کافی پریشان ہے، بشریٰ بی بی سےمتعلق خبریں بھی اسی لیے پھیلائی جا رہی ہیں۔