محسن نقوی کا نیشنل پولیس اکیڈمی کو یونیورسٹی کا درجہ دینے کا اعلان

01-03-2025

(لاہورنیوز) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نیشنل پولیس اکیڈمی کو یونیورسٹی کا درجہ دینے کا اعلان کر دیا۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے نیشنل پولیس اکیڈمی کا دورہ کیا اور اکیڈمی ہاسٹل اور میس کا تفصیلی معائنہ کیا، وزیر داخلہ نے زیر تربیت افسران کے لئے فراہم کردہ سہولتوں کا جائزہ لیا۔محسن نقوی نے زیر تربیت افسران سے ملاقات کی اور ان سے سہولتوں سے متعلق دریافت کیا، انہوں نے پولیس اکیڈمی میس میں کھانا کھا کر معیار چیک کیا اور کھانے کی تعریف کی۔ بعدازاں وزیرداخلہ محسن نقوی کی زیرصدارت نیشنل پولیس اکیڈمی کی تنظیم نو کے حوالے سے اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں نیشنل پولیس اکیڈمی کے سربراہ اور متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔دوران اجلاس وزیر داخلہ محسن نقوی نے زیر تربیت افسران کو رہائش کی معیاری سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی اور نیشنل پولیس اکیڈمی کا ماسٹر پلان طلب کر لیا۔ اس موقع پر وزیرداخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ سب سے پہلے بین الاقوامی معیار کے کنسلٹنٹ سے پولیس اکیڈمی کا نیا ماسٹر پلان تیار کرایا جائے، نیشنل پولیس فاؤنڈیشن کی جانب سے 25 کروڑ کا چیک جلد نیشنل پولیس اکیڈمی کے حوالے کر دیا جائے گا، پولیس اکیڈمی کو مالی طور پر خود مختار ادارہ بنانا ہے۔ محسن نقوی نے کہا کہ نیشنل پولیس اکیڈمی کی تنظیم نو کے کام کو تین ماہ میں مکمل کرنا ہے، نیشنل پولیس اکیڈمی کو یونیورسٹی کا درجہ دینے کیلئے فی الفور ضروری اقدامات کیے جائیں۔ان کا کہنا تھا کہ اے ایس پیز کے کورس کو جدید دور کے تقاضوں کے مطابق بنانا ہو گا، اکیڈمی میں انسداد دہشتگردی، اینٹی رائٹس، سائبر اور دیگر شعبوں میں بھی کورسز کا اجراء کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل پولیس اکیڈمی میں ملٹری اکیڈمی کاکول کی طرح بہترین آفیسرز تعینات کیے جائیں گے، پولیس اکیڈمی میں تعینات ہونے والے افسران کو بہتر الاؤنسز اور سہولتیں فراہم کی جائیں گی، نیشنل پولیس اکیڈمی میں ماڈل تھانہ اور تربیتی لیبارٹریاں بھی بنائی جائیں گی تاکہ افسران کو اس ضمن میں تربیت فراہم کی جا سکے۔وفاقی وزیر داخلہ  نے مزید کہا کہ نیشنل پولیس اکیڈمی کو ایک بین الاقوامی معیار کا ادارہ بنانا ہے، دیگر ممالک سے افسران ٹریننگ کیلئے نیشنل پولیس اکیڈمی آئیں گے۔