ہمیں خارجی ہاتھوں کا علم، فتنہ الخوارج کے مکمل خاتمے کا وقت آ چکا ہے: وزیراعظم

01-03-2025

(لاہور نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہمیں خارجی ہاتھوں کا بخوبی علم ہے، فتنہ الخوارج کے مکمل خاتمے کا وقت آ چکا ہے۔

نیشنل ایپکس کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان  نے سلامتی کونسل کی غیر مستقل رکنیت کی ذمہ داری سنبھال لی ہے، سلامتی کونسل میں ہماری ذمہ داریاں دو سال کیلئے ہیں۔ وزیراعظم  نے کہا کہ سرحد پار سے پاکستان پر چند دن پہلے حملہ ہوا، دشمن کے حملے کا منہ توڑ جواب دیا گیا، دشمن گھات لگائے بیٹھا ہے، پاکستان میں دہشتگردوں کے گھس بیٹھیے موجود ہیں، پاکستان کے خلاف سازشیں بنی جا رہی ہیں، ہمیں خارجی ہاتھوں کا اچھی طرح علم ہے۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہمیں پتا ہے کون کون سے ممالک دہشتگردوں کو یہاں سپورٹ کر رہے ہیں، ہمیں خارجی ہاتھوں کا بخوبی علم ہے، فتنہ الخوارج کے مکمل خاتمے کا وقت آ چکا ہے، دفاعی اداروں سے مل کر دہشتگردوں کے خاتمے کا مربوط پلان بنانا ہو گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ڈیجیٹل محاذ پر پاکستان کے خلاف زہر اگلا جا رہا ہے، پاکستان دوست نما دشمن باہر بیٹھ کر سوشل میڈیا پر مہم چلا رہے ہیں، پاکستان کے خلاف مہم بہت بڑا چیلنج بن چکا ہے، وہ جھوٹ کو سپورٹ کرتے ہوئے حقائق کو مسخ کر رہے ہیں، جھوٹ کی بنیاد پر سوالیہ نشان اٹھائے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد پر چڑھائی ہوئی، رینجرز جوان شہید ہوئے، جھوٹی خبریں بنائی گئیں ،سوشل میڈیا پر جھوٹ کا طوفان اٹھایا گیا، حالیہ وقتوں میں سوشل میڈیا پر جھوٹ کی ایسی مثالیں نہیں ملتیں، اگر روکا نہ گیا تو تمام کاوشیں دریا برد ہو جائیں گی، وفاقی اور صوبائی سطح پر سوشل میڈیا پر جھوٹی مہم کا مقابلہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ وزیراعظم  نے مزید کہا کہ آج ہم  نے ان تمام معاملات پر سنجیدگی کے ساتھ گفتگو کرنی ہے، فوج اور پولیس کے جوان پاکستان کیلئے خون کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں، یہ قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، جو لوگ شہداء کی قربانیوں کو رائیگاں کرنا چاہتے ہیں وہ بہت بڑی بھول میں ہیں، پاکستان قائم ودائم رہے گا، مل کر چلیں گے تو اس فتنے کا خاتمہ کریں گے اور ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو گا۔