پاکستان سپر لیگ سیزن 10 کی ڈرافٹنگ کی تقریب بارہ دری میں کرائے جانے کا امکان

01-03-2025

(لاہور نیوز) پاکستان سپر لیگ سیزن 10 کی ڈرافٹنگ کی تقریب بادشاہی مسجد اور شاہی قلعہ کے درمیان بارہ دری میں کرائے جانے کا امکان ہے۔

پی ایس ایل سیزن 10 کی ڈرافٹنگ تقریب کے حوالے سے انتظامات کیا ہونگے اندرونی کہانی سامنے آ گئی، ذرائع کے مطابق پی ایس ایل سیزن 10 کی ڈرافٹنگ کی تقریب بادشاہی مسجد اور شاہی قلعہ کے درمیان کروانے کی تیاریاں جاری ہیں، پی ایس ایل مینجمنٹ نے پروڈکشن کمپنی اور براڈکاسٹرز کو بہترین لوکیشن کا تعین کرنی کی ذمہ داری سونپ دی۔ ذرائع نے بتایا پی ایس ایل سیزن 10 کی ڈرافٹنگ تقریب اوپن ایئر کئے جانے کا امکان ہے، تقریب اوپن ایئر کروانے کا مقصد بیک گراؤنڈ پر بادشاہی مسجد کے مناظر دکھانا ہے، ذرائع نے مزید بتایا اوپن ایئر اور سردی سے نمٹنے کے لئے سٹینڈ والے ہیٹرز کا استعمال بھی کیا جائے گا۔ پی ایس ایل مینجمنٹ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ تقریب کو یاد گار بنانا چاہتے ہیں، پی ایس ایل ڈرافٹنگ تقریب میں ڈرون کا استعمال زیادہ سے زیادہ کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔  ذرائع نے مزید بتایا پی ایس ایل ڈرافٹنگ کی تقریب 11 جنوری کو گوادر میں شیڈول تھی، پی ایس ایل فرنچائزز کے تحفظات کی وجہ سے ڈرافٹنگ تقریب کو لاہور منتقل کیا جا رہا ہے، پی ایس ایل مینجمنٹ آج ڈرافٹنگ تقریب کے حوالے سے حتمی فیصلہ کرے گی اور اعلان بھی متوقع ہے۔