ڈی سی لاہور کی خانہ بدوشوں کو جھگیاں خود سے ہٹانے کی وارننگز

01-03-2025

(لاہور نیوز) ڈی سی لاہور سید موسیٰ رضا نے خانہ بدوشوں کو جھگیاں خود سے ہٹانے کی وارننگز دیدی۔

ڈی سی لاہور سید موسیٰ رضا کلین مشن کی تکمیل کے لئے متحرک ہیں، ڈی سی لاہور  نے تحصیل علامہ اقبال زون کے مختلف مقامات کے دورے کئے، پارک ویو سوسائٹی، شاہ پور کانجراں، جوہر ٹاؤن کے اطراف میں صفائی اقدامات کا جائزہ کیا، سی او ایم سی ایل شاہد عباس کاٹھیا، اسسٹنٹ کمشنر علامہ اقبال زون محمد خواجہ عمیر و دیگر بھی ہمراہ تھے۔ ڈی سی لاہور سید موسیٰ رضا نے صفائی اقدامات سے متعلق مزید ہدایات جاری کیں اور جوہر ٹاؤن کے علاقے میں جھگیوں میں مقیم خانہ بدوشوں کی نشاندہی پر نوٹس لیتے ہوئے 24 گھنٹے کا الٹی میٹم دیکر خانہ بدوشوں کو جھگیاں خود سے ہٹانے کی وارننگز دیدی۔ ڈی سی لاہور  نے کہا ایل ڈبلیو ایم سی حکام صفائی نظام کو بہتر بنانے کے لئے اپنے فرائض ایمانداری اور احسن انداز میں سرانجام دیں، گندگی کے پوائنٹس کو روزانہ کی بنیاد پر کلیئر کروایا جائے، انتظامی افسران فیلڈ میں سرپرائز دورے کریں، کوڑا کرکٹ کوڑا دان میں ڈالا جائے، عوام میں صفائی کے حوالے سے شعور بھی بیدار کیا جائے، صفائی میکانزم پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا صفائی ستھرائی کے لئے مربوط نظام وضع کیا جائے، مرکزی شاہراہوں، گلی و محلوں و چوکوں و مارکیٹس میں صفائی ستھرائی پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے، تجاوزات کا خاتمہ، جانوروں و جھگیوں کا انخلاء یقینی بنایا جائے، شہر کے حسن کو نمایاں کرنے کے لئے شہری ضلعی انتظامیہ لاہور کے ساتھ معاونت کریں، صاف ستھرا ماحول صحت مند معاشرے کا ضامن ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر کلین مشن جاری ہے۔