پلاسٹک بین ماحولیاتی تحفظ کیلئے ناگزیر، سب کو تعاون کرنا ہو گا، مریم اورنگزیب

01-03-2025

(لاہور نیوز) پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پلاسٹک بین ماحولیاتی تحفظ کیلئے ناگزیر ہے، سب کو تعاون کرنا ہو گا۔

 اپنے ایک بیان میں سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کا کہنا تھا وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر پلاسٹک بین پر عملدرآمد کے لئے سخت کریک ڈاؤن کیا جا رہا ہے، محکمہ تحفظ ماحول نے 5 جون 2024 سے 2 جنوری تک 40 ٹن غیرقانونی پلاسٹک ضبط کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس پلاسٹک سے لاہور اور فیصل آباد کے سکولوں میں پرائمری کے بچوں کے لئے کرسیاں فراہم کی گئیں، یہ وہ سکول تھے جہاں کرسیوں کی کمی تھی،لاہور کے ماڈل بازار میں بچوں کے لئے اسی پلاسٹک سے پلے ایریا بنایا گیا۔ سینئر صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ ہسپتالوں میں ضبط شدہ پلاسٹک سے بنچز، سرکاری دفاتر میں کرسیاں مہیا کر رہے ہیں، آئندہ دنوں میں اس پلاسٹک سے گٹروں کے ڈھکن بنائے جائیں گے، اس حوالے سے سی اینڈ ڈبلیو اور لوکل گورنمنٹ سے مشاورت جاری ہے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ 75 مائیکرون سے کم حجم کے پلاسٹک بیگز کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، راولپنڈی میں 1754 کلوگرام پلاسٹک بیگز ضبط، 85,000 روپے جرمانہ کیا گیا، 41 ہول سیلرز اور پروڈیوسرز  نے محکمہ تحفظ ماحول کے ساتھ رجسٹریشن مکمل کی ہے۔ ان کا کہنا تھا انسانی صحت اور ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے لئے مریم نواز سنجیدہ ہیں، صاف اور صحت مند ماحول کے لئے عوامی شعور بیدار کرنا ضروری ہے، پلاسٹک کے ذرات خوراک اور پانی میں شامل ہو کر بیماریوں کا سبب بنتے ہیں، پولیتھین بیگز کے جلنے سے خطرناک زہریلے کیمیکل پیدا ہوتے ہیں۔ لیگی رہنما نے کہا کہ پلاسٹک کا بے جا استعمال کینسر، دل کی بیماریوں اور ہارمونی مسائل کا باعث بن سکتا ہے، ان کے فضلے سے پیدا ہونے والی آلودگی سانس کی بیماریوں کو بڑھا رہی ہے، اس کا ماحول میں ہزاروں سال تک ختم نہ ہونا صحت اور زمین دونوں کے لئے نقصان دہ ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ عوام پلاسٹک کے متبادل بیگز استعمال کرنے کو دوبارہ رواج دیں، عوام سے اپیل ہے کہ پلاسٹک بیگز کے استعمال سے گریز کریں اور ماحول دوست مصنوعات اپنائیں، پلاسٹک کے استعمال پر قابو پا کر آئندہ نسلوں کے لئے محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکتا ہے۔