پاکستانی اور بھارتی بچھڑے کزن ہیں: ہانیہ عامر

01-02-2025

(ویب ڈیسک) پاک بھارت سمیت خطے کے دیگر ممالک میں مقبول اداکارہ ہانیہ عامر نے کہا ہے کہ درحقیقت پاکستانی اور بھارتی لوگ بچھڑے ہوئے کزن ہیں، دونوں ممالک کے لوگوں کی بہت ساری عادات ایک جیسی ہیں۔

ہانیہ عامر نے سال نو کے موقع پر امریکی نشریاتی ادارے سے خصوصی بات کی، جس دوران انہوں نے اپنے پچھلے سال کی خوشیوں اور نئے سال کی توقعات سے متعلق بات کی۔ اداکارہ نے بتایا کہ سال 2024 ان کے لیے بہت اہمیت کا حامل رہا، انہیں ان کی توقعات سے بڑھ کر محبت اور خوشیاں ملیں، لوگوں نے انہیں پسند کیا اور سراہا۔ ہانیہ عامر نے اپنی مختصر گفتگو میں سٹریمنگ ویب سائٹ نیٹ فلیکس کی پہلی پاکستانی اوریجنل ویب سیریز میں کام کرنے سے متعلق بھی بات کی اور اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ وہ تجربہ کار اداکاروں کے ساتھ کام کریں گی۔ اداکارہ کا کہنا تھا کہ ان کے لیے اس سے بڑھ کر اور کوئی خوشی نہیں ہو سکتی کہ وہ سینئر اداکاروں کے ساتھ کام کریں گی۔ ایک سوال کے جواب میں ہانیہ عامر نے کہا کہ وہ جنریشن زی (ابھرتی ہوئی نئی نسل) کی نمائندگی کرنے پر کسی طرح کا پریشر نہیں لیتی، وہ اپنے کام پر توجہ دیتی ہیں اور خود کو پروفیشنل انداز میں کام کے اعلیٰ معیارات پر رکھتی ہیں۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے بھارت اور پاکستان کو بچھڑے ہوئے کزن کے مترادف قرار دیا اور کہا کہ دونوں ممالک کی ثقافتیں اور طرز زندگی بہت ملتا جلتا ہے۔ انہوں نے امید کا اظہار کیا کہ ان سمیت دونوں ممالک کے فنکاروں کو ایک ساتھ کام کرنے کے مواقع ملیں گے۔ انہوں نے سال 2024 کے اختتام اور نئے سال 2025 کی آمد کے موقع پر اپنے مداحوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں امید ہے کہ ان کے چاہنے والے ہمیشہ کی طرح خوش اور صحت مند رہیں گے۔