ایس آئی ایف سی کے ’’ون ونڈو پلیٹ فارم‘‘ کے ذریعے غیرملکی سرمایہ کاری کو فروغ
01-01-2025
(لاہور نیوز) خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کی معاشی میدان میں کامیابیاں جاری ہیں۔
ایس آئی ایف سی کے ’’ون ونڈو پلیٹ فارم‘‘ کے ذریعے غیرملکی سرمایہ کاری کو فروغ مل رہا ہے، انفارمیشن اینڈ ٹیکنالوجی (آئی ٹی)، زراعت، کان کنی، معدنیات اور توانائی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع بڑھانا خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے اہداف میں شامل ہے۔ ایس آئی ایف سی کی معاونت سے سعودی سرمایہ کاروں کے وفد نے پاکستان کا دورہ کیا اور 2.8 ارب ڈالر کے معاہدوں اور سمجھوتوں پر دستخط ہوئے۔ موجودہ مالی سال کے ابتدائی چار ماہ میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں 32.3 فیصد اضافہ ہوا، توانائی کے شعبے میں غیرملکی سرمایہ کاری 120 فیصد جبکہ دیگر اہم شعبوں میں 41 فیصد بڑھی ہے۔ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے 31.65 ارب ڈالر کی ترسیلات زر، زرمبادلہ ذخائر میں اضافہ معاشی استحکام کا ثبوت ہیں۔ پاکستان سٹاک مارکیٹ بھی ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی، مہنگائی کی شرح ساڑھے 6 سال کی کم ترین سطح پر آ گئی ہے، حکومت اور آئی پی پیز کے درمیان اہم نکات پر اتفاق ہوا، قومی خزانے کو 300 ارب روپے کی بچت متوقع ہے۔ چیئرمین ایف پی سی سی آئی کریم عزیز ملک کے مطابق ایس آئی ایف سی کے تعاون سے شرح سود 23 فیصد سے 13 فیصد پر آ گئی ہے۔