پانچ برس کے دوران کیپسٹی پیمنٹس میں 200 فیصد سے زائد اضافہ

01-01-2025

(لاہور نیوز) پانچ برس کے دوران کیپسٹی پیمنٹس میں 200 فیصد سے زائد اضافہ ہو گیا۔

سال 2019 میں کیپسٹی پیمنٹس 611 ارب تھیں، 2024 میں 1900 ارب سے تجاوز کر گئیں، کیپسٹی پیمنٹس میں اضافے کی وجہ روپے کی قدر میں کمی اور بڑھتی ہوئی شرح سود قرار دی گئی ہے۔ نیپرا کی جانب سے کہا گیا ہے کہ کیپسٹی پیمنٹس کو کم کرنے کے لیے بجلی کی طلب میں اضافہ کرنا ہو گا، سال 21-2020 میں کیپسٹی پیمنٹس 613 ارب روپے تھیں، سال 22-2021 میں یہ حجم بڑھ کر 775 ارب روپے ہو گیا، کیپسٹی پیمنٹس میں بڑا اضافہ سال 23-2022 میں دیکھنے کو ملا۔ نیپرا نے کہا ہے کہ سال 23-2022 میں پاور پلانٹس کو 1300 ارب سے زائد کی ادائیگیاں کرنا پڑیں، مہنگائی کی وجہ سے نئے بجلی گھر منصوبے لگانے پر نظر ثانی کرنا پڑے گی، مختلف کمپونیٹس کو اعتدال میں لانا پڑے گا۔ نیپرا حکام کے مطابق بجلی کو صارفین کے لیے سستی بنانے کے لیے بجلی مارکیٹ میں سرمایہ کاری کرنا ہوگی، سستی بجلی کے حصول کے لیے آپریشنل ایفیشنسی کو بڑھانا ہو گا۔