لیبیا کشتی حادثے میں ملوث ایک اور انسانی سمگلر گرفتار

12-30-2024

(لاہور نیوز) ایف آئی اے حکام نے لیبیا کشتی حادثے میں ملوث ایک اور انسانی سمگلر کو اسلام آباد سے گرفتار کر لیا۔

 ایف آئی اے کی جانب سے کارروائی کے دوران گزشتہ سال لیبیا کشتی حادثے کے مقدمے سے منسلک ایک اہم ملزم کو گرفتار کر کے اس کے قبضہ سے 17 پاکستانی پاسپورٹ برآمد کر لیے گئے ہیں۔  ترجمان ایف آئی اے  کا کہنا ہے کہ ملزم رانا اشفاق احمد کے قبضے سے17 پاکستانی پاسپورٹ برآمد ہوئے جو ملزم  نے نوجوانوں کو یورپی ممالک سمگل کے لیے لے رکھے تھے، رانا اشفاق لیبیا کشتی حادثہ 2023 میں ملوث تیسرے نمبر کا ملزم ہے۔ ایف آئی اے حکام کا کہنا تھا کہ ملزم پر پاکستان سے زمینی راستے لیبیا، ایران، یونان اور یورپی ممالک انسانی سمگلنگ کرانےکا الزام ہے، گرفتار ملزم  نے زمینی راستے سے یورپ بھجوانے کے لیے لاکھوں روپے وصول کیے۔