صدر مملکت کی بینک فراڈ متاثرین کو 24.136 ملین روپے واپس کرنے کی ہدایت

12-30-2024

(لاہور نیوز) صدر مملکت آصف علی زرداری نے بینک فراڈ کا شکار ہونے والے 31 متاثرین کو 24.136 ملین روپے واپس کرنے کی ہدایت کر دی۔

صدر مملکت نے بینکنگ محتسب کے فیصلوں کے خلاف دائر 31 درخواستوں پر فیصلے کر دیے، صدر مملکت نے فراڈ متاثرین کے حق میں بینکنگ محتسب کے فیصلوں کو برقرار رکھا، فیصلے عوام کو انصاف اور فوری ریلیف فراہم کرنے کے صدر  مملکت کے عزم کے عکاس ہیں۔ صدر مملکت نے یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ کی 12 درخواستوں کو مسترد کر دیا، یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ کے 12 صارفین کو 1کروڑ 15 لاکھ روپے واپس کرنے کی ہدایت کردی، ساتھ ہی مسلم کمرشل بینک کے 10 صارفین کو مجموعی طور پر 52 لاکھ روپے سے زائد رقم واپس کرنے کی بھی ہدایت کر دی، الائیڈ بینک لمیٹڈ کی جانب سے دائر پانچ درخواستیں بھی خارج کر دی گئیں۔  صدر  نے الائیڈ بینک لمیٹڈ کو  متاثرہ صارفین کو 40 لاکھ سے زائد رقم واپس کرنے کا حکم دے دیا ۔ بینک آف پنجاب کی دائر کردہ تین درخواستیں بھی خارج کردی گئیں۔ صدر کا کہنا ہے کہ بینک آف پنجاب فراڈ سے متاثرہ 3 صارفین کو 23 لاکھ سے زائد رقم واپس کرے ۔ اس کے علاوہ عسکری بینک لمیٹڈ کو ایک کیس میں 490,000 روپے واپس کرنے کی ہدایت کردی گئی، حبیب بینک لمیٹڈ کے کیس میں ایک صارف کو 420,000 روپے ادا کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ صدر مملکت نے کمرشل بینکوں کی بدانتظامی ، مالیاتی دھوکہ دہی سے شہریوں کے بچاؤ میں بینکنگ محتسب کے کردار پر زور دیا، کہا کہ بینکنگ محتسب شکایات کے فوری حل کے لیے اہم ادارہ ہے۔ صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ بینکنگ محتسب طویل قانونی طریقہ کار کے بوجھ کے بغیر متاثرین کو بروقت انصاف فراہم کرتا ہے، عوام بینکنگ تنازعات اور فراڈ سے نمٹنے کے لیے بینکنگ محتسب کی خدمات سے استفادہ کریں۔