شہریوں کو غیر قانونی یورپ بھجوانے والا روٹ ایجنٹ گرفتار
12-29-2024
(لاہور نیوز) سمندر کے راستے شہریوں کو غیر قانونی یورپ بھجوانے میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن جاری، ایف آئی اے نے ملتان میں کارروائی کرتے ہوئے انسانی سمگلنگ میں ملوث لینڈ روٹ ایجنٹ کو گرفتار کر لیا۔
ملزم کی شناخت اجمل نواز کے نام سے ہوئی، ملزم شہریوں کو غیر قانونی سمندر کے راستے لیبیا سے یورپ بھجوانے میں ملوث ہے،ملزم کو شادمان کالونی گجرات سے گرفتار کیا گیا۔ گرفتار ملزم انسانی سمگلنگ میں ملوث بین الاقوامی گینگ کا ایجنٹ ہے، ملزم کو ملتان ایئرپورٹ پر آف لوڈ کئے گئے 5 مسافروں کی نشاندہی پر گرفتار کیا گیا، گرفتار ملزم مسافروں کو یورپ بھجوانے کے نام پر لاکھوں روپے ہتھیانے میں ملوث ہے۔ ملزم نے مسافروں کو عمرے ویزے پر سعودی عرب بھجوانے کی کوشش کی تھی، مسافروں کو ملتان ایئرپورٹ پر گرفتار کر لیا گیا تھا، ملزم کی گرفتاری میں ایف آئی اے کمپوزٹ سرکل گجرات نے بھی معاونت کی۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم اس سے قبل بھی شہریوں کو سعودی عرب، دبئی اور باکو سے لیبیا بھجوانے میں ملوث رہا ہے، ملزم دیگر ساتھیوں کی ملی بھگت سے متاثرہ شہریوں کو کشتی کے ذریعے لیبیا سے یورپ بھجوانے میں ملوث ہے۔ ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزم کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے، دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔