سال 2024: کونسی شوبز شخصیات نے زندگی کے نئے سفر کا آغاز کیا؟
12-29-2024
(لاہور نیوز) سال 2024 پاکستانی شوبز انڈسٹری کے لیے شادیوں سے بھرپور رہا جہاں کئی مشہور شخصیات نے ازدواجی زندگی کا آغاز کیا۔
اداکار شہریار منور نے حال ہی میں اداکارہ ماہین صدیقی سے شادی کی،ان کی شادی تقریبات میں ڈھولکی، قوالی نائٹ، ہلدی اور شبِ برات شامل تھیں، اداکار کی شادی کی تقریبات میں ماہرہ خان، مومل شیخ، احد رضا میر، عدیل حسین، جمی خان اور علی حمزہ سمیت دیگر فنکاروں نے شرکت کی۔ اس خوبصورت موقع کیلئے نئے نویلے جوڑے نے سفید لباس کا انتخاب کیا جس میں دونوں حسین دکھائی دے رہے تھے، اداکار جوڑی کی شادی کی تصاویر سوشل میڈیا پر چھائی رہیں۔رواں سال کے دوسرے ماہ (فروری) میں اداکارہ ثناء جاوید نے قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک سے دوسری شادی کرلی۔شعیب ملک نے ثناء جاوید سے شادی کا اعلان اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم فیس بک، ایکس اور انسٹاگرام اکاؤنٹ پر تصاویر پوسٹ کر کے کیا۔یاد رہے کہ ثناء جاوید نے گلوکار عمیر جیسوال سے پہلی شادی کی تھی جبکہ شعیب ملک نے پہلی شادی بھارتی ٹینس سٹار ثانیہ مرزا سے کی تھی۔ مقبول اداکارہ و پرڈویوسر حنا رضوی نے بھی 2024 میں زندگی کے نئے سفر کا آغاز کیا اور خاموشی سے سوشل میڈیا سٹار عمار احمد خان سے شادی کرلی۔اداکارہ نے اپنی پوسٹس میں بتایا کہ ان کی شادی کی تقریب انتہائی سادہ رکھی گئی تھی جس میں قریبی رشتے داروں اور شوبز شخصیات نے شرکت کی۔اداکارہ نے شادی کے بندھن میں بندھنے پر دعائیں کرنے والے مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔ رواں برس اداکارہ عریشہ رضی بھی رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئیں، انہوں نے عبداللہ فرخ کو اپنا جیون ساتھی منتخب کیا۔عریشہ رضی نے اپنے شادی کے دن لال رنگ کا خوبصورت عروسی لباس زیب تن کیا جس کے ساتھ اُنہوں نے بھاری جیولری بھی پہنی، اداکارہ کا میک اپ، جیولری، لباس اور سٹائل بالکل بھارتی دلہنوں جیسا تھا جبکہ اُن کے دولہا نے سیاہ رنگ کی شیروانی کا انتخاب کیا۔شوبز ستاروں نے بھی عریشہ رضی کی شادی میں شرکت کی جن میں اداکارہ نمرہ خان، سیدہ طوبیٰ انور اور نادیہ خان سمیت دیگر ستارے شامل تھے۔ سال 2024 میں اداکار فیروز خان نے بھی دوبارہ زندگی کے نئے سفر کا آغاز کیا اور ڈاکٹر زینب کو اپنا جیون ساتھی چنا، فیروز خان اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر دلہن کے ساتھ تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ میری زندگی میں خوش آمدید ۔ واضح رہے کہ فیروز خان کی پہلی شادی 2018 میں علیزہ سلطان کے ساتھ ہوئی تھی، اس جوڑے کے ہاں 2019 میں پہلے بیٹے سلطان جبکہ فروری 2022 میں بیٹی فاطمہ کی پیدائش ہوئی تھی،تاہم دو بچوں کی پیدائش کے بعد اس جوڑے نے راہیں جدا کرتے ہوئے ستمبر 2022 میں طلاق لے لی تھی اداکارہ اسماء عباس کے بیٹے کی شادی کی تقریبات بھی اس سال کے اختتامی ہفتے میں منعقد ہوئیں، جن میں اسماء عباس اور بشریٰ انصاری کے دلچسپ ڈانس کی ویڈیوز وائرل ہوئیں جس پر صارفین نے دلچسپ تبصرے بھی کیے۔ زارا نور عباس نے انسٹاگرام پر بھائی کے نکاح کی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرتے ہوئے انہیں نکاح پر مبارک باد بھی پیش کی جب کہ بشریٰ انصاری نے بھی بھانجے کی شادی کی ویڈیوز اور تصاویر شیئر کیں۔ اداکارہ جویریہ عباسی نے بھی اس سال ایک بار پھر زندگی کے نئے سفر کا آغاز کیا، 52 سالہ اداکارہ جویریہ عباسی نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنے نکاح کی تصاویر مداحوں کے ساتھ شیئر کیں۔انہوں نے اپنے نکاح کے موقع پر شربتی و سُنہرے رنگوں کے امتزاج کا عروسی جوڑا ہلکے میک اپ کے ساتھ زیب تن کیا، جس سے ان کے حسن کو چار چاند لگ گئے۔واضح رہے کہ جویریہ عباسی کی پہلی شادی 1997ء میں اداکار شمعون عباسی سے ہوئی تھی، ان کی ایک بیٹی عنزیلہ عباسی ہیں جن کی شادی انہوں نے گزشتہ برس کی ہے۔ ان تمام شادیوں نے مداحوں کی توجہ حاصل کی اور سوشل میڈیا پر خوب چرچے رہے۔