لاہور میں مہنگائی کا طوفان، سرکاری نرخ نامے میں 6 سبزیاں مزید مہنگی

12-29-2024

لاہور : (سامعہ سعید) صوبائی دارالحکومت لاہور میں مہنگائی کا طوفان بے قابو ہو گیا، سرکاری نرخ نامے میں 6 سبزیوں کی قیمت میں مزید اضافہ کردیا گیا۔

سرکاری ریٹ لسٹ میں پیاز 160 ، ٹماٹر 250 ، لہسن 700 اور ادرک 450 روپے تک جا پہنچا جبکہ موسمی پھل مالٹا بھی عوام کی پہنچ سے کوسوں دور ہے ، مارکیٹ میں مالٹا 250 روپے درجن سے کم میں دستیاب نہیں ۔ دوسری جانب برائلر کی قیمت بڑھنے سے شہری پریشان ہیں، رواں ہفتہ میں برائلر کی قیمت میں مجموعی طور پر 120 روپے کا اضافہ ہوا، آج 4 روپے مزید اضافے کے بعد برائلر کی قیمت 595 روپے کلو مقرر کی گئی ہے۔ عوام کا کہنا ہے کہ تنخواہ دار طبقہ پس کر رہ گیا ہے روز بروز قیمتوں میں اضافہ ہی ہوتا ہے جبکہ قوت خرید صفر ہوتی جا رہی ہے، پروٹین کا ذریعہ صرف انڈے اور چکن ہی رہ گیا تھا اور یہ بھی عام آدمی کی قوت خرید سے باہر ہوگیا۔