سانحہ 9 مئی کے مجرموں کو شواہد کی بنیاد پر سزائیں سنائی گئیں: عطا تارڑ

12-26-2024

(لاہور نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ سانحہ 9 مئی میں بانی پی ٹی آئی کی سازش تھی، مجرمون کو شواہد کی بنیاد پر سزائیں سنائی گئیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ  نے کہا کہ جن مجرموں کو سزائیں سنائی گئیں یہ توڑ پھوڑ میں شامل تھے، 9 مئی کے مجرموں کو ٹرائل کے دوران تمام بنیادی حقوق دیئے گئے۔ عطا تارڑ  نے کہا کہ منصوبے کے ماسٹر مائنڈ اور منصوبہ سازوں کو بھی کیفر کردار تک پہنچایا جائے، اب کوئی ملکی دفاعی تنصیبات پر حملے کی جرات نہیں کر سکے گا۔ وفاقی وزیر اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ ملٹری کورٹ کا ایکٹ ہماری پارلیمنٹ نے پاس کیا ہے، فیئر ٹرائل میں عالمی سطح پر بھی کوئی خلاف ورزی نہیں ہوئی، اب ملک میں آئین و قانون کی بالا دستی ہوگی۔ عطا تارڑ نے مزید کہا کہ سزاؤں سے قبل تمام قانونی تقاضے پورے کیے گئے، آج کی سزاؤں کو ہم ویل کم کرتے ہیں، ان سزاؤں کے بعد پاکستان کا دفاع اور سالمیت مقدم ٹھہری ہے۔