آئی جی پنجاب نے شہید کانسٹیبل عمران حیدر کے اہل خانہ کو گھر دے دیا
12-26-2024
(لاہور نیوز) آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے شہید کانسٹیبل عمران حیدر کے اہل خانہ کو 1 کروڑ 35 لاکھ روپے مالیت کا گھر دے دیا۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی طرف سے پولیس شہدا کے اہلخانہ کو گھروں کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے، لاہور پولیس کے شہید کانسٹیبل عمران حیدر کے اہل خانہ کو شہید کوٹہ کے تحت ان کی پسند کے مطابق لاہور کی نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں 01 کروڑ 35 لاکھ روپے مالیت کا گھر خرید کر فراہم کر دیا گیا۔ کانسٹیبل عمران حیدر نے رواں سال اپریل میں دوران ڈیوٹی ناکہ پر فائرنگ سے جام شہادت نوش کیا تھا، شہید کے لواحقین میں اہلیہ، 01 بیٹا اور 03 بیٹیاں شامل ہیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا ہے شہید کانسٹیبل عمران حیدر نے اپنی جان کی پرواہ کئے بنا فرض کی ادائیگی کے دوران جام شہادت نوش کیا، پنجاب پولیس اپنے بہادر شہدا کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔