سال 2024ء : کھیل کے میدانوں میں پاکستان کو شاندار کامیابیاں ملیں
12-26-2024
لاہور: (فرحان نذیر) کھیلوں کی سرگرمیاں نوجوانوں کی صلاحیتوں کو جلا بخشتی ہیں اور ان سے ہی نوجوانوں میں ہر قسم کے حالات کا سامنا کرنے کا حوصلہ پیدا ہوتا ہے، صحت مند معاشرے کی تشکیل کیلئے صحت مند جسم اور دماغ کا ہونا بے حد ضروری ہے جو صرف کھیلوں کو فروغ دینے سے ہی ممکن ہے۔
کھیل جسمانی تندرستی ، ٹیم ورک اور قائدانہ صلاحیتوں کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، اگر نوجوان نسل کو کھیلوں کے بہترین مواقع اور ماحول میسر ہو تو وہ نا صرف اچھے شہری بلکہ ملک کا نام بھی پوری دنیا میں روشن کر سکتے ہیں۔ پاکستان کی تاریخ میں کھیلوں کا سنہری دور 1990 کی دہائی کا تھا جب پاکستان 1994 میں کرکٹ، ہاکی اور سکواش کا عالمی چیمپئن تھا، اس وقت پاکستان کے نامور کھلاڑیوں نے ملک و قوم کا نام پوری دنیا میں روشن کیا لیکن اس وقت کے بعد ہمارا کھیلوں سے وہ رشتہ کیوں ماند پڑگیا؟۔ سال 2024ء کے آخری ایام جاری ہیں اور ہم نئے عزائم اور نئے حوصلوں کے ساتھ نئے سال میں قدم رکھنے کی تیاریاں کر رہے ہیں، نیا سال ماضی کی غلطیوں اور کوتاہیوں سے سیکھنے اور اس کی مدد سے آئندہ کے لیے بہتر منصوبہ بندی کا موقع دیتا ہے۔ نئے سال کے لیے نیک خواہشات کے ساتھ آئیے ایک نظر دوڑاتے ہیں کہ سال 2024ء میں کھیل کے میدان سے ہمیں کیا کچھ دیکھنے کو ملا؟ کون سے لمحات ایسے تھے جو ذہن پر تادیر، بلکہ شاید تاعمر، نقش رہیں گے۔ جنوری 6 جنوری 2024 کو تیسرے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو8 وکٹوں سے ہرا کر سیریز تین۔صفر سے اپنے نام کرلی، ماہ جنوری میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلی جانیوالی ٹی ٹوئنٹی سیریز نیوزی لینڈ نے چار۔ایک سے اپنے نام کرلی۔ پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں نیوزی لینڈنے46 رنز، دوسرے میچ میں 21 رنز، تیسرے میچ میں45 رنز اور چوتھے میچ میں7 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی جبکہ پانچویں میچ میں پاکستان نے 42 رنز سے کامیابی حاصل کی، 19 جنوری کو پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئر مین چوہدری ذکاء اشرف مستعفی ہو گئے۔ 20جنوری کو قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک نے ثانیہ مرزا سے علیحدگی کے بعد اداکارہ ثنا جاوید سے شادی کر لی، 22 جنوری کو محسن نقوی پی سی بی کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئر مین مقرر ہو گئے، 24 جنوری کو شاہ خاور نے قائم مقام چیئرمین پی سی بی کے عہدے کا چارج سنبھال لیا، 29 جنوری کو آئی سی سی نے سری لنکا پر عائد پابندی ہٹا لی۔ فروری 3 فروری کو خالد سجاد کھوکھرہاکی فیڈریشن کی صدارت کے عہدے سے مستعفی ہو گئے اور طارق بگٹی پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر منتخب ہو گئے، 6 فروری کو محسن نقوی پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئر مین اور10 فروری کو اعصام الحق قریشی پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر منتخب ہو گئے۔ 11 فروری کو آسٹریلیا نے آئی سی سی انڈر۔19ورلڈ کپ جیت لیا، فائنل میں بھارت کو شکست کا سامنا کرنا پڑا، 15 فروری کو محمد حفیظ ڈائریکٹر کے عہدے سے مستعفی ہو گئے، 17 فروری کو پاکستان سپر لیگ کے نویں ایڈیشن کا آغاز ہو گیا، 27 فروری کو شوکت جاوید پاکستان بیس بال فیڈریشن کے صدر اور سید فخر علی شاہ سیکرٹری منتخب ہو گئے۔ مارچ 18 مارچ کو پاکستان سپر لیگ کا نواں ایڈیشن اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم نے جیت لیا، فائنل میں پشاور زلمی کو شکست کا سامنا کرنا پڑا، 19 مارچ کو سیدہ شہلا رضا پاکستان ہاکی فیڈریشن کے دوسرے دھڑے کی صدر منتخب ہو گئیں، 23 مارچ کو سابق چیئر مین پی سی بی شہر یار خان انتقال کر گئے، 31 مارچ کو بابر اعظم ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کے کپتان مقرر کر دیئے گئے۔ اپریل اپریل میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز دو۔دو سے برابر رہی، دونوں ٹیموں کے درمیان پہلاٹی ٹوئنٹی میچ بارش کی نذر ہو گیا، دوسرے میچ میں پاکستان نے7 وکٹوں سے، تیسرے میچ میں نیوزی لینڈ نے وکٹوں سے،چوتھے میچ میں نیوزی لینڈ نے04 رنز سے جبکہ پانچویں میچ میں پاکستان نے09 رنز سے کامیابی حاصل کی۔ ماہ اپریل ہی میں ویسٹ انڈیز کی ویمن کرکٹ ٹیم نے پاکستان کو ون ڈے سیریز میں تین۔صفر سے اورٹی ٹوئنٹی سیریز میں پاکستان کو چار۔ایک سے ہرا دیا۔28 اپریل کو گیری کرسٹن ون ڈے اور جیسن گلیسپی ٹیسٹ ٹیم کے کوچ مقرر کر دیئے گئے۔ مئی 11 مئی کو اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ جاپان کی ٹیم نے جیت لیا،فائنل میں پاکستان کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ماہ مئی میں پاکستان اور آئرلینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان کھیلی جانیوالی ٹی ٹوئنٹی سیریز پاکستان نے دو۔ایک سے جیت لی۔پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں آئرلینڈ نے5 وکٹوں سے،دوسرے میچ میں پاکستان نے7 وکٹوں سے اور تیسرے میچ میں پاکستان نے6 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔ 17 مئی کو پاکستان نے سنٹرل ایشین والی بال چیمپئن شپ اپنے نام کرلی،فائنل میں ترکمانستان کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ماہ مئی میں انگلینڈ کی ویمن کرکٹ ٹیم نے پاکستانی ٹیم کو ٹی ٹوئنٹی سیریز میں تین۔صفر سے اور ون ڈے سیریز میں دو۔صفر سے ہرا دیا۔ ماہ مئی میں پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیموں کے درمیان کھیلی جانیوالی ٹی ٹوئنٹی سریز انگلینڈ نے دو۔صفر سے جیت لی۔پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلا اور تیسرا ٹی ٹوئنٹی میچ بارش کی نذر ہو گیا۔ دوسرے میچ میں انگلینڈ نے23 رنز سے اور چوتھے میچ میں7 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔30 مئی کو پاکستان نے آسٹریلیا کو والی بال سیریز میں تین۔صفر سے شکست دیدی۔ جون دو جون کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا امریکہ اور ویسٹ انڈیز میں آغاز ہو گیا۔ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے پہلے میچ میں امریکہ نے پاکستان کو،دوسرے میچ میں انڈیانے پاکستان کو06رنز سے،تیسرے میچ میں پاکستان نے کینیڈا کو7وکٹوں سے اور چوتھے میچ میں آئر لینڈ نے پاکستان کو 5وکٹوں سےہرا دیا اور پاکستان ٹورنامنٹ سے باہر ہو گیا۔29 جون کوٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ انڈیا نے جیت لیا،فائنل میں جنوبی افریقہ کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ جولائی 29 جولائی کو سری لنکن ٹیم نے پہلا ویمن ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ جیت لیا،فائنل میں انڈین ٹیم کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔30جولائی کو محسن نقوی ایشین کرکٹ کونسل کے صدر منتخب ہو گئے۔ اگست 6 اگست کو برطانوی کرکٹر گراہم تھارپ چل بسے۔8 اگست کو ارشد ندیم نے پیرس اولمپک میں جیولن تھرو میں گولڈ میڈل جیت لیا۔ماہ اگست و ستمبر میں پاکستان اور بنگلہ دیش کی ٹیموں کے درمیان کھیلی گئی دو ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز بنگلہ دیش نے دو۔صفر سے جیت لی۔پہلے ٹیسٹ میچ میں بنگلہ دیش نے10 وکٹوں اوردوسرے ٹیسٹ میچ میں بنگلہ دیش نے6 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔29 اگست کو جے شاہ آئی سی سی کے چیئر مین منتخب ہو گئے۔ ستمبر 17 ستمبر کو انڈیا نے ایشین چیمپیئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ جیت لیا،پاکستان نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ماہ ستمبر میں جنوبی افریقہ کی ویمن کرکٹ ٹیم نے پاکستانی ٹیم کو ٹی ٹوئنٹی سیریز میں تین۔صفر سے شکست دیدی۔ اکتوبر دو اکتوبر کو بابراعظم ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کی کپتانی سے مستعفی ہو گئے۔ماہ اکتوبر میں پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کھیلی گئی تین ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز پاکستان نے دو۔ایک سے اپنے نام کرلی۔پہلا ٹیسٹ میچ انگلینڈ نے ایک اننگ اور 47 رنز ،دوسرا ٹیسٹ میچ پاکستان نے 152رنز اور تیسرا ٹیسٹ میچ پاکستان نے 9 وکٹوں سے جیت لیا۔ 20 اکتوبر کو نیوزی لینڈ کی ویمن کرکٹ ٹیم نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیت لیا،فائنل میں اس نے جنوبی افریقن ٹیم کو شکست سے دوچار کیا۔26 اکتوبر کو جیسن گلیسپی کو ہیڈ کوچ مقرر کردیا گیا۔27 اکتوبر کو محمد رضوان ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کے کپتان اور سلیمان آغا نائب کپتان مقرر کر دیئے گئے۔ نومبر 6 نومبر کو محمد آصف تیسری مرتبہ سنوکر کے عالمی چیمپئن بن گئے۔9 نومبر کو پاکستان کے طیب اکرم انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کے صدر منتخب ہو گئے۔ماہ نومبر میں پاکستان اور آسڑیلیا کی ٹیموں کے درمیان تین میچز پر مشتمل ون ڈے سیریز پاکستان نے دو۔ایک جبکہ ٹی ٹوئنٹی سیریز آسٹریلیا نے تین۔صفر سے اپنے نام کرلی۔پہلے ایک روزہ میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو دو وکٹوں ،دوسرے میچ میں پاکستان نے 9وکٹوں سے اور تیسرے میچ میں پاکستان نے8 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔ پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں آسٹریلیانے29 رنز ،دوسرے میچ میں آسٹریلیا نے13رنز اور تیسرے میچ میں آسٹریلیا نے7 وکٹوں سے کامیابی حاصل کرلی۔21 نومبر کو قومی ٹیسٹ کرکٹر نذیر جونیئر انتقال کر گئے۔ ماہ نومبر میں پاکستان اور زمبابوے کی ٹیموں کے درمیان تین ایک روزہ میچز پر مشتمل سیریز پاکستان نے دو۔ایک سے جیت لی۔ دسمبر ماہ دسمبر میں زمبابوے کے ساتھ تین ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز پاکستان نے دو۔ایک سےجیت لی۔ پہلے ایک روزہ میچ میں بارش کے باعث زمبابوے نے، دوسرے ایک روزہ میچ میں پاکستان نے10 وکٹوں سے اور تیسرے ایک روزہ میچ میں پاکستان نے 99 رنز سے کامیابی حاصل کی جبکہ پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان نے 57 رنز سے، دوسرے میچ میں پاکستان نے10 وکٹوں سے اور تیسرے میچ میں زمبابوے نے دو وکٹوں سے کامیابی حاصل کر لی۔ دو دسمبر کو سید سلطان شاہ ورلڈ بلائنڈ کرکٹ کونسل کے دوسری مرتبہ صدر منتخب ہو گئے، تین دسمبر کو پاکستان نے بلائنڈ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیت لیا، فائنل میں اس نے بنگلہ دیش کو شکست دیکر یہ اعزاز حاصل کیا، چار دسمبر کو انڈیا نے مینز جونیئر ایشیا کپ ہاکی ٹورنامنٹ جیت لیا، فائنل میں اس نے پاکستان کو ہرا کر یہ کامیابی حاصل کی۔ 14 دسمبر کو پاکستان کو ساؤتھ افریقہ کے ہاتھوں ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا، ٹی 20 سیریز کا پہلا میچ 10دسمبر کو ڈربن میں کھیلا گیا جس میں ساؤتھ افریقا نے پاکستان کو 11 رنز سے شکست دی، دوسرا ٹی ٹوئنٹی 13 دسمبر کو کھیلا گیا جو پروٹیز نے 7 وکٹوں سے جیت لیا، تیسرا ٹی 20 میچ بارش کے باعث منسوخ کر دیا گیا اور یوں 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز ساؤتھ افریقہ نے جیت لی۔ 19 دسمبر کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاک بھارت فیوژن فارمولے کی منظوری دے دی جو چیمپئنز ٹرافی، ویمنز ورلڈ کپ اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ پر نافذ ہوگا، آئی سی سی ترجمان نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی 2025ء سے لے کر 2027ء تک ہونے والے تمام آئی سی سی ایونٹس میں پاکستان کے میچز نیوٹرل وینیو پر ہوں گے، گرین شرٹس بھی بھارت کا سفر کرنے سے گریز کرے گی، آئی سی سی کی جانب سے مشروط معاہدے پر پی سی بی اور بی سی سی آئی نے رضامندی ظاہر کردی ہے۔ معاہدے کے تحت 8 ٹیموں کے چیمپئنز ٹرافی ایونٹ میں بھارت کے میچز ایک غیر جانبدار مقام پر کھیلے جائیں گے جبکہ بدلے میں آئی سی سی کے وہ ایونٹس جن کی میزبانی بھارت کرے گا، ان میں پاکستان کے میچز نیوٹرل وینیو پر کھیلے جائیں گے جبکہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی ء2025 کا شیڈول جلد جاری کردیا جائے گا، آئی سی سی کے مطابق پاکستاں 4 سال بعد ایک اور آئی سی سی ایونٹ کی میزبانی کرے گا، جس میں پاکستان کو 2028 کے ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کی میزبانی دی گئی ہے۔ 20 دسمبر کو پاکستانی پہلوان نے ایشین چیمپئن شپ میں بھارت کو ہرا کر پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا، پاکستانی پہلوان عبدالرحمان عرف مانی نے سری لنکا میں جاری ایشین چیمپئن شپ ریسلنگ کے مقابلے میں بھارتی پہلوان کو شکست دے کر پاکستان کیلئے گولڈ میڈل جیت لیا، مانی پہلوان اپنی مدد آپ کے تحت ایشین چیمپئن شپ میں حصہ لینے کیلئے گئے تھے اور ملک کا نام روشن کیا۔ 23 دسمبر کو پاکستان نے میزبان ساؤتھ افریقہ کو ہوم گراؤنڈ پر ایک روزہ سیریز میں وائٹ واش کر دیا، پاکستان نے ساؤتھ افریقہ کے ساتھ پہلا ون ڈے 17 دسمبر کو کھیلا تھا جس میں پروٹیز کو 3 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ دوسرا ون ڈے 19 دسمبر کو کیپ ٹاؤن میں کھیلا جس میں شاہینوں نے پروٹیز کو 81 رنز سےہرایا جبکہ 22 دسمبر کو بارش سے متاثرہ تیسرا ون ڈے پاکستان نے 36 رنز سے جیت لیا اور یوں پاکستان ساؤتھ افریقہ کو ہوم گراؤنڈ پر وائٹ واش کرنے والی پہلی ٹیم بن گئی۔ پاکستان میں انٹرنیٹ پر سب سے زیادہ تلاش کئے جانیوالے کھیل انٹرنیٹ کے سب سے بڑے سرچ انجن گوگل کی جانب سے سال 2024 میں پاکستان کے اندر سب سے زیادہ تلاش کی جانے والی چیزوں کی فہرست جاری کی ہے جس کےمطابق رواں سال گوگل پر کھیلوں میں سب سے زیادہ پاکستان میں کرکٹ سے متعلق چیزوں کو تلاش کیا گیا۔ کرکٹ سرچ کے رجحانات پر چھائی رہی ، جس میں آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ نے قوم کی توجہ اپنی جانب مبذول کیے رکھی۔ پی ایس ایل 2024 کے شیڈول اور میچز کے ساتھ شعیب ملک اور ساجد خان جیسے سٹار کھلاڑیوں کے بارے میں پوچھے گئے سوالات نے بھی پاکستانیوں کی کھیل سے محبت کو مزید اجاگر کیا، اولمپک گولڈ میڈل جیتنے والے ارشد ندیم نے بھی تقریباً تین دہائیوں میں ملک کے لیے پہلا اولمپک گولڈ میڈل جیتنے کے باعث پاکستانی صارفین کی توجہ حاصل کی۔ کرکٹ سے متعلق تلاش کی جانے والی سب سے زیادہ 10 چیزوں کی فہرست کے مطابق سب سے پہلے نمبر پر ٹی20 ورلڈ کپ رہا، دوسرے نمبر پر پاکستان بمقابلہ انگلینڈ، تیسرے پر پاکستان بمقابلہ بنگلہ دیش، چوتھے پر پاکستان بمقابلہ آسٹریلیا اور پانچویں نمبر پر پاکستان بمقابلہ بھارت رہا، اسی طرح پی ایس ایل 2024 شیڈول کا چھٹا نمبر رہا، ساتویں نمبر پر پاکستان بمقابلہ یو ایس اے، آٹھویں پر بھارت بمقابلہ انگلینڈ، نویں نمبر پر بھارت بمقابلہ جنوبی افریقہ اور دسویں نمبر پر بھارت مقابلہ انگلینڈ رہا۔