پاکستان مسلم لیگ ن کی قیادت عوام کو گھمبیر مسائل سے چھٹکارا دلائے گی، بلال یاسین

12-25-2024

(لاہور نیوز) وزیر ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ بلال یاسین کا کہنا ہے پاکستان مسلم لیگ ن کی قیادت عوام کو گھمبیر مسائل سے چھٹکارا دلائے گی۔

وزیر ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ بلال یاسین نے حلقہ پی پی 174 کی مرکزی تقریب میں شرکت کی اور قائد مسلم لیگ ن میاں محمد نواز شریف کی سالگرہ کا کیک کاٹا، بلال یاسین نے لیگی کارکنان کو کیک کھلایا، لیگی کارکنوں کی بڑی تعداد نے قائد مسلم لیگ ن کی سالگرہ تقریب میں شرکت کی اور نعرے لگائے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ بلال یاسین کا کہنا تھا وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز دن رات غریبوں اور سفید پوشوں کیلئے ریلیف کے منصوبے لا رہی ہیں، اپنی چھت، اپنا گھر جیسے منصوبے عوامی سہولت کا بہترین شاہکار ہیں، آئی ایم ایف پروگرام ، بجلی و گیس کے بھاری بھرکم بلوں کا بوجھ کم کرنے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ بلال یاسین کا کہنا تھا سڑکوں، پلوں، اورنج لائن، میٹرو ٹرین، میٹرو بس سروس، سپیڈو بسیں اور سولر سسٹم کی فراہمی سب عوامی منصوبے ہیں، عوامی خدمت کے سفر میں وزیراعلیٰ مریم نواز ایک سال سے کم عرصہ میں ریکارڈ بنا چکی ہیں، میاں محمد نواز شریف کی قیادت میں پنجاب اور وفاق میں خدمت کی تاریخ بنائیں گے۔