سابق وزیراعظم محمد نواز شریف 75 برس کے ہو گئے
12-25-2024
(لاہور نیوز) سابق وزیراعظم محمد نواز شریف 75 برس کے ہو گئے، صدر مسلم لیگ نون کو 3 بار وزیراعظم پاکستان بننے کا اعزاز حاصل ہے۔
کشمیری گھرانے سے تعلق رکھنے والے سابق وزیراعظم محمد نواز شریف 25 دسمبر 1949ء کو لاہور میں پیدا ہوئے، گورنمنٹ کالج سے تجارت کی تعلیم اور 1970ء کی دہائی کے آخر میں سیاست کا آغاز کرنے سے پہلے پنجاب یونیورسٹی لا کالج سے قانون کی تعلیم حاصل کی۔ سابق وزیراعظم نے اپنے سیاسی کیریئر کا آغاز 1981 میں وزیر خزانہ پنجاب کی حیثیت سے کیا ، بعد ازاں 1985 تا 1990 وزیراعلیٰ پنجاب رہے، وہ 1990ء تا 1993ء، 1997ء تا 1999ء اور تیسری بار 2013ء تا 2017ء وزیراعظم کے عہدے پر فائز رہے۔ بھارتی ایٹمی دھماکوں کے جواب میں 28 مئی 1998 کو 5 کامیاب دھماکے کرکے ملک کو دنیا کی ساتویں اور اسلامی ملکوں کی واحد ایٹمی طاقت بنانا نواز شریف کا اہم کارنامہ ہے۔ تین بار پاکستان کے وزیراعظم رہنے والے میاں نواز شریف ایک بار بھی اپنے عہدے کی آئینی مدت پوری نہ کر سکے۔