لاہور میں مسیحی برادری آج کرسمس کا تہوار منا رہی، سکیورٹی کا سخت انتظام
12-25-2024
(لاہور نیوز) مسیحی برادری آج کرسمس کا تہوار جوش وخروش سے منا رہی ہے، لاہور سمیت دنیا بھر کے گرجا گھروں میں کرسمس کی رسومات شروع ہو گئیں۔
حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے یوم ولادت کے موقع پر دنیا بھر میں مسیحی برادری کرسمس کا تہوار جوش وخروش کیساتھ منا رہی ہے، پنجاب بھر میں 2900 سے زائد گرجا گھروں کو برقی قمقموں سمیت دیگر سجاوٹ سے سجا دیا گیا ، مسیحی برادری کرسمس کی خوشیاں منانے میں مصروف ہے، کرسمس شروع ہوتے ہی تمام گرجا گھروں میں عبادات کا سلسلہ جاری ہوا ، ملک میں امن اور سلامتی کے لئے دعائیں بھی کی گئیں۔ اہم موقع پر امن و امان کی صورتحال قائم رکھنے کیلئے پنجاب پولیس نے تیاریاں مکمل کر لیں، پنجاب کے 2900 سے زائد گرجا گھروں کی سکیورٹی پر 30 ہزار پولیس افسران اور اہلکار تعینات ہوں گے، لاہور میں 600 سے زائد مسیحی عبادت گاہوں پر 5 ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار سکیورٹی ڈیوٹی پر مامور ہوں گے ، خواتین کی چیکنگ کیلئے لیڈیز پولیس اہلکار بھی موجود ہوں گی۔ سیف سٹیز اتھارٹی کے کیمروں کی مدد سے بھی نگرانی کی جائے گی ، حساس قرار دیئے گئے گرجا گھروں سمیت اہم مقامات کی سکیورٹی پر کمانڈوز اور سنائپرز تعینات ہوں گے ، سی ٹی ڈی اور سپیشل برانچ کی ٹیمیں شر پسند عناصر سے نمٹنے کیلئے تیار ہوں گی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا ہے کہ کرسمس کے موقع پر پولیس ہائی الرٹ رہے، کرسمس پر بین المذاہب ہم آہنگی کا فروغ یقینی بنایا جائے۔