کرسمس کی آمد، لاہور پولیس نے سکیورٹی پلان تشکیل دے دیا

12-24-2024

(لاہور نیوز) کرسمس کی آمد کے موقع پر لاہور پولیس نے مربوط سکیورٹی پلان تشکیل دے دیا۔

صوبائی دارالحکومت کے گرجا گھروں کی سکیورٹی کیلئے 06 ایس پیز، 22 ایس ڈی پی اوز، 84 ایس ایچ اوز اور 5 ہزار سے زائد اہلکار تعینات ہونگے، مسیحی شہریوں کی سکیورٹی کیلئے سی سی ٹی وی کیمرے، میٹل ڈٹیکٹرز اور واک تھرو گیٹس استعمال ہوں گے، خواتین مسیحی شہریوں اور بچوں کی سکیورٹی کیلئے لیڈیز پولیس ڈیوٹی پر مامور ہوں گی۔ سکیورٹی پلان کے مطابق لاہور کے 622 گرجا گھروں کو اے، بی، سی اور ڈی کیٹیگریز میں تقسیم کیا گیا ہے، اے کیٹیگری میں 59، بی کیٹیگری میں 84، سی کیٹیگری میں 378  اور ڈی کیٹیگری میں 101 گرجا گھر شامل ہیں، شہر بھر میں اے، بی، سی اور ڈی کیٹیگری کے 622 مسیحی عباداتی پروگرامز منعقد ہونگے، مسیحی عبادت گاہوں، پارکوں اور تفریحی مقامات کی سکیورٹی کے لئے 31 ناکے اور 55 کراؤڈ کنٹرول پوائنٹس قائم ہوں گے،  22 پارکوں اور 4 کرسمس بازاروں کو بھی سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔  سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ کا کہنا ہے کرسمس کے موقع پر صوبائی دارالحکومت کے گرجا گھروں کی سکیورٹی کے بہترین انتظامات کئے گئے ہیں، لاہور پولیس مسیحی برادری کی عبادت گاہوں اور مذہبی تقریبات کیلئے بھرپور سکیورٹی مہیا کر رہی ہے۔ سی سی پی او  نے ہدایت دیتے ہوئے کہا مسیحی عبادت گاہوں، پارکوں اور تفریحی مقامات کی سکیورٹی کا بھرپور خیال رکھا جائے، سپروائزری افسران سکیورٹی انتظامات کی انسپکشن کیلئے خود فیلڈ میں موجود رہیں، لاہور پولیس کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری کی خوشیوں میں برابر کی شریک ہے۔