ہمارا آرمی ایکٹ عالمی قوانین کے مطابق ہے: طلال چودھری

12-23-2024

(لاہور نیوز) طلال چودھری نے کہا ہے کہ 9مئی والوں کو سزاؤں میں تاخیر ہوچکی ہے ہمارا آرمی ایکٹ عالمی قوانین کے مطابق ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طلال چودھری کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں بہت سی سزائیں اپنے اپنے قوانین کے مطابق ہوتی ہیں، کوئی دہشتگردی کرتا ہے تو انسداد دہشت گردی عدالت فیصلہ کرتی ہے، پی ٹی آئی کو اعتراض ہےسزائیں فوجی عدالتوں سے نہیں دوسری عدالتوں سے ہونی چاہئیں۔ ن لیگی رہنما نے کہا کہ پی ٹی آئی یہ نہیں کہتی کہ 9 مئی والے بےگناہ ہیں، پی ٹی آئی کے سیکرٹری اطلاعات نے کہا اپیل کریں گے کہ ملزمان کو معاف کیا جائے، انہوں نے تسلیم کیا کہ ملزمان نے جرم کیا ہے، سویلین کا ملٹری ٹرائل عالمی قوانین کی خلاف ورزی نہیں۔ طلال چودھری کا مزید کہنا تھا کہ بیرون ملک لابسٹ پی ٹی آئی کی فنڈنگ سے چلتے ہیں، پی ٹی آئی کو اپنے ماسٹر مائنڈ کو بچانا ہے جو اڈیالہ جیل میں بیٹھا ہوا شخص ہے، سزائیں ہوتی رہیں گی کسی قسم کا این آر او نہیں ملے گا، بات چیت کا یہ مطلب نہیں کہ این آر او دیا جائے، 9 مئی والوں کو سزاؤں میں تاخیر ہو چکی ہے۔