سویلین کا ملٹری ٹرائل عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے: شیخ وقاص اکرم

12-23-2024

(لاہور نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ سویلین کا ملٹری ٹرائل عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ وقاص اکرم کا کہنا تھا کہ ملٹری ٹرائل کے حوالے سے تمام قانونی آپشنز کو استعمال کیا جائے گا، حکومت کی معیشت کو تباہ کرنے کی سازش کو بھی ناکام بنائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ القادر ٹرسٹ کیس کا فیصلہ ہونا تھا، ہم یہ پوچھنا چاہتے ہیں فیصلے کو کیوں مؤخر کیا گیا؟ ہمیں سمجھ نہیں آرہی کہ یہ فیصلہ کہاں لکھا جا رہا ہے، یہ بریت کا کیس ہے اور اس میں کچھ نہیں ہے، 190 ملین پاؤنڈ کیس سیاسی انتقام کی بدترین مثال ہے۔ سیکرٹری اطلاعات تحریک انصاف نے کہا کہ حکومت سیاسی حریفوں کوختم کرنے کے لیے بین الاقوامی قوانین کوبھی ختم کرنےکو تیار ہو گئی، حکومت انتقام میں اتنی آگے چلی گئی ہے کہ مخالفین کو ختم کر رہی ہے۔ شیخ وقاص اکرم  نے مزید کہا کہ 190 ملین پاؤنڈ کیس سیاسی انتقام، جس میں عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو سزا دینے کا منصوبہ ہے، کیس عالمی سطح پر بھی زیر بحث ہے۔