سیاسی مخالفت کی وجہ سے مجھے کردار کشی کا سامنا کرنا پڑا: مریم نواز
12-23-2024
(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ سیاسی مخالفت کی بنیاد پر مجھے کردار کشی کا سامنا کرنا پڑا۔
ہونہار سکالرشپ پروگرام کے فیز ٹو کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ صبح جب آ رہی تھی تو لاہور کا موسم خراب تھا، نواز شریف پریشان تھے کہ موسم خراب ہے ، میں نے کہا میرے بچے میرا انتظار کر رہے ہیں، جن جن بچوں کو سکالرشپس ملیں ان کو بہت بہت مبارک ہو، مجھے لگ رہا ہے میرے ملک کا مستقبل اچھے ہاتھوں میں ہے۔ مریم نواز نے کہا کہ ہم 30 ہزار سکالرشپس دے رہے ہیں، 60 فیصد سکالرشپس ہم لڑکیوں کو دے رہے ہیں، پوری کوشش ہے اگلے سال سکالر شپس کو 50 ہزار تک لے کر جاؤں، امیر کا بچہ بڑی یونیورسٹیز میں جا سکتا ہے تو محنتی بچے بھی ان ہی اداروں میں پڑھ سکتے ہیں، یہ آپ کا حق تھا جو میں نے دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ آپ کا پیسہ آپکی تعلیم پر خرچ نہ ہوا تو اس پیسے کا کیا فائدہ، لوگ کہتے ہیں یہ کون سا مریم نواز کی جیب سے جارہا ہے، یہ پیسہ پہلی حکومتوں کے پاس بھی تھا تو میرے بچوں کے پاس کیوں نہیں پہنچا، آپ اپنی فیس کو چھوڑ کر اپنی تعلیم پر توجہ دیں۔ مریم نواز نے کہا کہ معاشی طور پر کمزور ہونا انسان کے ہاتھ میں نہیں ہے، کسی وزیراعظم کا بیٹا جب بڑے عہدے پر پہنچتا ہے تو اس کی وجہ صرف تعلیم ہے، بچو تعلیم حاصل کرو اور بڑے بڑے عہدوں پر پہنچو، اس ملک کی خدمت کرو ، آپ کی پڑھائی کیلئے جو چیزیں ضروری ہیں کوشش کریں گے وہ آپ کو دیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ بہت جلد میں لیپ ٹاپس بھی لیکر آ رہی ہوں، ایک لاکھ بچوں کو مفت الیکٹرک بائیکس دیں گے، 100فیصد میرٹ پر یہ سکالرشپس تقسیم ہوئی ہیں، محنتی بچوں کو یہ سکالرشپس دی گئی ہیں، ایک ماں کے طور پر مجھے احساس ہے پڑھائی کے بعد آپ پر ایک ذمہ داری ہوتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پڑھائی مکمل ہونے کے بعد روزگار کے مواقع فراہم کریں گے، 3 کروڑ تک قرضہ سکیم لا رہے ہیں، طلبہ کی پڑھائی کے بعد کی ذمہ داری بھی میری ہے، طلبہ ہی اس ملک کا جھنڈا اُٹھانے والے ہیں، پاکستان ہمارا ملک ہے یہ ہماری عزت ہے، ملک کی باگ ڈور نوجوان نسل کے ہاتھ میں ہے۔ مریم نواز نے کہا کہ وزیراعلیٰ آفس اور دوسرے اداروں میں بھی سفارش نہیں چلنے دیتی، میں نہ سفارش سنتی ہوں اور نہ ہی اس پر عمل کرتی ہوں، میں ان کا شکریہ ادا کرتی ہوں جنہوں نے مجھے آگ کی بھٹی سے گزارا۔ وزیراعلیٰ پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ میں نے جیل اور سزائیں بھگتی ہیں، ان جیلوں اور سزاؤں نے مجھے مزید مضبوط بنایا ہے، اب مخالفین گالی دیں یا نعرہ لگائیں مجھے فرق نہیں پڑتا، جن مخالفین نے مجھے اتنا مضبوط بنا دیا ہے مجھے انکا شکریہ ادا کرنا چاہئے۔