سیاسی ٹمپریچر کا نیچے آنا ضروری، گرفتار ورکرز رہا کیے جائیں: فواد چودھری
12-22-2024
(لاہور نیوز) سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا ہے کہ سیاسی ٹمپریچرکا نیچے آنا ضروری، گرفتار ورکرز کو رہا کیا جائے۔
دنیا نیوز کے پروگرام’’ٹونائٹ ود ثمرعباس‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری کا کہنا تھا کہ محسن نقوی اور علی امین گنڈا پور ملاقات کےنتیجے میں مذاکراتی کمیٹی بنی، بات چیت ایک مثبت پیشرفت ہے، مذاکرات سامنے بھی ہوتے ہیں اور بیک اینڈ پر بھی ہوتے ہیں جو زیادہ اہم ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لگ رہا ہےکہ حکومت عدالتی کمیشن بنانے پر تیار ہے، فواد چودھری سیاسی ٹمپریچر کا نیچے آنا انتہائی اہم ہے، حکومت کو سیاسی ورکرز کو فوری طور پر ریلیز کرنا چاہیے، یہ کہنا درست نہیں کہ پی ٹی آئی کےسارے حربے ناکام ہوئے ہیں۔ سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا عمران خان کو ریلیف ملتا ہے تو پی ٹی آئی کی تمام چیزیں ٹھیک ہو جائیں گی، اگر حکومت بانی کو رہا کرنے پر تیار ہو تو پی ٹی آئی ہر چیز کمپرؤمائز کرے۔ فواد چودھری نے کہا کہ پی ٹی آئی اگر مذاکرات سے ورکرز کے لیے ریلیف لے تو بڑی کامیابی ہو گی، مجھے نہیں پتہ مجھ سے لوگوں کو کیا گھبراہٹ ہے، میں پی ٹی آئی کی ترجمانی نہیں اپنی بات کر رہا ہوں، تحریک انصاف کی موجودہ قیادت کنفوژ اور خوفزدہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے دوران میں نے موجودہ قیادت کو ہٹانے سے متعلق بات نہیں کی، بانی پی ٹی آئی سے ملاقات میں ملکی صورتحال پربات ہوئی، پارٹی معاملات پر نہیں، یہ لوگ نااہل ہیں ہرایک سے خوفزدہ ہے، پی ٹی آئی کی موجودہ لیڈرشپ کی کوئی حیثیت نہیں ہے۔ سابق وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ جو میرے بارے میں کہتے ہیں کہ ہماری ترجمانی نہیں کریں گے، کسی کا دماغ خراب جو گوہر، سلمان اکرم راجہ کی ترجمانی کرے گا، وہ توخود اپنی ترجمانی کے قابل نہیں، ہم صرف بانی پی ٹی آئی کوجانتےہیں باقی کسی کی پرواہ نہیں۔