بیرون ملک جانے کا خواب شہری کو موت کی نیند سلا گیا، ملزم کا اعتراف جرم

12-22-2024

(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت کے علاقہ اقبال ٹاؤن سے شہری غلام حسین کو اغوا کے بعد قتل کرنے والا ملزم کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔

ڈی آئی جی انویسٹی گیشن ذیشان اصغر  نے واقعہ کا نوٹس لیا، جس پر انچارج انویسٹی گیشن تھانہ اقبال ٹاؤن مرتضٰیٰ اسلم  نے پولیس ٹیم کے ہمراہ کارروائی کی۔ پولیس چھاپہ مار ٹیم  نے ملزم ذیشان عباس کو چکوال سے گرفتار کر کے آلہ قتل برآمد بھی کر لیا، انچارج انویسٹی گیشن کے مطابق ملزم  نے مقتول کو بیرون ملک بھجوانے کیلئے پیسے لیے تھے۔ پولیس کا کہنا تھا کہ بیرون ملک نہ بھجوانے پر مقتول نے ملزم ذیشان عباس سے اپنی رقم کا تقاضا کیا تھا جس پر ملزم نے غلام حسین کو اغوا کر کے چکوال لے جانے کے بعد ویران جگہ لے جا کر قتل کر دیا۔ پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش کے دوران ملزم  نے اعتراف جرم کر لیا ہے۔