اسٹیبلشمنٹ کی پیداوار امریکہ کا کندھا استعمال کر کے اقتدار لینا چاہتا ہے: خواجہ آصف

12-22-2024

(ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہما اور وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ کی پیداوار امریکہ کا کندھا استعمال کرکے اقتدار لینا چاہتا ہے۔

لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ نومئی کو منصوبہ بندی کے تحت حملے کیے گئے، ڈیڑھ سال سے یہ چیز لٹک رہی تھی، نو مئی کو حساس تنصیبات پر حملے کیے گئے، حملہ کرنے والے تربیت یافتہ افراد تھے۔ انہوں نے کہا کہ یہ قومی نوعیت کا معاملہ تھا جس میں فیصلوں کی فوری ضرورت تھی، فیصلوں میں سب سے بڑی رکاوٹ عدلیہ  نے کھڑی کی، قوم کی دفاعی فوج کو للکارا گیا، یہ للکار ہندوستانی فوج کی جانب سے نہیں تھی ، منصوبہ بندی کے تحت پنجاب اور خیبر پختونخوا میں حملے کئے گئے، کسی ملک کی تاریخ میں ایسا نہیں ہوا کہ اس کے دفاع کو چیلنج کیا گیا۔ خواجہ آصف نے کہا کہ جن 25افراد کو فوجی عدالتوں سے سزائیں ملیں ان کی ویڈیوز موجود ہیں، حملہ آواروں کی ویڈیو میں ان کے چہرے اور آوازیں واضح ہیں ، اسی بنیاد پر انہیں سزائیں دی گئیں، پانامہ کیس کا فیصلہ عدلیہ کیلئے باعث شرم ہے، جنرل باجوہ اور دیگر مائنس نوازشریف پر کام کر رہے تھے، نواز شریف کو مائنس کرنے کا اسٹیبلشمنٹ کا پرانا منصوبہ تھا، مجھے ذاتی طور پر اپروچ کیا گیا۔ وزیر دفاع نے کہا کہ میں قائد ن لیگ کو بتا کر ان سے ملا تھا، ان کا مقصد عمران خان کو اقتدار میں لانا تھا جبکہ بانی پی ٹی آئی خود فوج کی سب سے بڑی پیداوار ہیں، جب اقتدار سے الگ ہوئے و امریکہ کے خلاف ’ایبسلوٹلی ناٹ‘ کا نعرہ لگایا، اب یہ لوگ امریکہ کی حمایت کا اعلان کررہے ہیں اور امریکہ کا کندھا استعمال کرکے اقتدار میں آنا چاہتے ہیں۔ خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ 190ملین پاؤنڈ سپریم کورٹ کے اکاؤنٹ میں آنے چاہیے تھے، عمران خان نے یہ رقم ملک ریاض کو دے دی اور ملک ریاض سے واجبات ایڈجسٹ کرائے، 2018ء کے الیکشن میں آرٹی ایس سسٹم بیٹھا کر عمران خان کو اقتدار دلوایا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یوٹرن لینے والا کبھی لیڈر نہیں بن سکتا، 10روز قبل یہ صرف اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کرنا چاہتے تھے، آج حکومت سے مذاکرات کیلئے رضا مند ہیں تاہم تحریک انصاف سے مذاکرات کیلئے حکومت نے کمیٹی بنا دی ہے۔