میٹنگ میں حکومت کی سنجیدگی کا اندازہ ہو جائے گا: شیخ وقاص اکرم
12-22-2024
(لاہور نیوز) مرکزی سیکرٹری اطلاعات پاکستان تحریک انصاف شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ میٹنگ میں حکومت کی سنجیدگی کا اندازہ ہو جائے گا۔
دنیا نیوز سے ٹیلیفونک گفتگو کرتے ہوئے شیخ وقاص اکرم کا کہنا تھا کہ مذاکراتی کمیٹی بنائی گئی ہے، کل اس حوالے سے پہلی بیٹھک ہوگی، میٹنگ میں حکومت کی سنجیدگی کا اندازہ ہو جائے گا، میٹنگ میں کچھ ہم اپنی سنائیں گے اور کچھ ان کی سنیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ میٹنگ کے تمام پوائنٹس بانی پی ٹی آئی عمران خان سے جا کر ڈسکس کریں گے، رہنما پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ میٹنگ کے بعد سول نافرمانی تحریک کے حوالے سے فیصلہ کیا جائے گا، سول نافرمانی تحریک بارے حتمی فیصلہ بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کریں گے۔ واضح رہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی تجویز پر پی ٹی آئی سے مذاکرات کیلئے حکومتی کمیٹی تشکیل دی ہے۔