حکومت اور اپوزیشن میں مذاکرات، سپیکر نے دونوں کمیٹیوں کے ارکان کو بلا لیا
12-22-2024
(لاہور نیوز) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے حکومت اور پی ٹی آئی کی مذاکراتی ٹیموں کو پیر کے دن ساڑھے 11 بجے ملاقات کیلئے بلا لیا۔
سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے حکومتی کمیٹی کی تشکیل پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ مسائل کو مذاکرات سے حل کرنے کے حوالے سے وزیراعظم کا اقدام خوش آئند ہے، نیک نیتی سے حکومت اور اپوزیشن کو مذاکرات کی دعوت دی۔ انہوں نے کہا کہ سپیکر آفس کے دروازے اراکین کے لیے ہمیشہ کھلے ہیں، بات چیت اور مکالمے سے ہی آگے بڑھا جاسکتا ہے۔ سردار ایاز صادق کا مزید کہنا تھا کہ مذاکرات کا عمل آگے بڑھانے کے لیے دونوں کمیٹیوں کے اراکین کو پیر کے دن ساڑھے 11 بجے ملاقات کی دعوت دی ہے، دونوں کمیٹیوں کے اراکین سے پارلیمنٹ ہاؤس میں اپنے چیمبر میں ملاقات کروں گا۔