حب ریلی کراس ایڈیشن ٹو کیلئے خصوصی ٹریک تیار، 50 سے زائد ڈرائیورز ان ایکشن ہونگے

12-22-2024

(لاہور نیوز) حب ریلی آٹو کراس ایڈیشن ٹو کیلئے خصوصی طور پر 2 کلومیٹر کا خصوصی ٹریک تیار کر لیا گیا۔

حب ریلی کراس ایڈیشن ٹو میں 50 سے زائد ڈرائیورز ایکشن میں دکھائی دیں گے، خواتین ڈرائیورز بھی ٹریک پر اپنی مہارت دکھائیں گی، حب ریلی کیلئے پہلی بارالیکٹرک کار کی کیٹیگری متعارف کرائی جارہی ہے۔ آٹوکراس ریلی میں 4 پری پیئرڈ اور 6 سٹاک کیٹیگریز میں مقابلے ہوں گے ، 600 سی سی سے 3 ہزار سی سی کی گاڑیاں مقابلوں میں حصہ لیں گی۔ سندھ کے صوبائی وزیرناصرحسین شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اس ریس میں ہر کوئی حصہ لے سکتا ہے، یہ ٹریک ریس کیلئے محفوظ ہے جس میں تمام حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں، سندھ حکومت اس طرح کے صحت مندانہ سرگرمیوں کو سپورٹ کرتی ہے۔ ناصرحسین شاہ کا کہنا تھا کہ تھر ریلی کو سندھ حکومت سپورٹ کرتی ہے، تھر ریلی کو دوبارہ سے بحال کریں گے، وہ بچے بچیاں جو ریس لگانا چاہتے ہیں وہ یہاں آکر اپنا شوق پورا کرسکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کے ایونٹس سے پاکستان کا نام روشن ہوگا، چیئرمین بلاول بھٹو کا وژن ہے کہ کھیلوں کو فروغ دیا جائے ، سندھ میں آف روڈ ریسنگ کا کیلنڈر بنانے جا رہے ہیں۔