کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی، جنوبی افریقی بیٹر ہینرک کلاسن پر جرمانہ
12-21-2024
(لاہورنیوز) آئی سی سی نے پاکستان کے خلاف دوسرے ون ڈے میں شاندار بیٹنگ کرنے والے جنوبی افریقی بیٹر ہینرک کلاسن پر جرمانہ عائد کر دیا۔
جمعرات کو پاکستان نے کیپ ٹاؤن میں کھیلے گئے 3 میچز کی ون ڈے سیریز کے دوسرے میچ میں جنوبی افریقا کو 81 رنز سے شکست دیکر سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔پاکستان کیخلاف بیٹنگ کرتے ہوئے کلاسن جیسے ہی نسیم شاہ کی گیند پر چھکا مارنے کی کوشش میں آؤٹ ہوئے تو انہوں نے غصے میں سٹمپ کو لات ماری جس کی وجہ سے ان پر اب آئی سی سی کی جانب سے جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ آئی سی سی کے مطابق کلاسن پر میچ فیس کا 15 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا اور انہیں ایک ڈی میرٹ پوائنٹ بھی دیا گیا۔آئی سی سی کا کہناہے کہ کلاسن کو آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی پر جرمانہ کیا گیا، انہوں نے کوڈ آف کنڈکٹ کے لیول ون کی خلاف ورزی کی۔